• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پرسابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا ہزاروں افراد نے پرتپاک استقبال کیا

Todays Print

لاہور(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں )سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کااسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر ہزاروں افراد نے پرتپاک استقبال کیا‘ کارکنوں نے نواز شریف کی گاڑی کو پھولوں کی پتیوں سے لادھ دیا ، نوٹ بھی نچھاور کئے گئے ۔

شہر میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں پارٹی نغمے گونجتے رہے اورکارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے جس سے میلے کا سماں رہا،نواز شریف کا سفر خیریت سے مکمل ہونے پر مختلف مقامات پربکرے صدقہ کئے گئے‘سابق وزیرا عظم کی لاہور آمد کے موقع پر قانون نافذ کر نے والے اداروں اور پولیس کی طرف سے سخت انتظامات کئے گئے ‘افسران اور اہلکاروں سمیت ساڑھے 8 ہزار اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے ‘ایس پی سٹی کے آفس میں ایک مانیٹرنگ روم بنایا گیا جہاں پر سکیورٹی کی مانیٹرنگ کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر پرتپاک استقبال کے لئے تیاریوں کی وجہ سے میلے کا سماں رہا اور پورے شہر میں گہما رہی جبکہ اس موقع پر مرد و خواتین کارکن اور بچے قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ نواز شریف کی لاہور آمد کی مناسبت سے شہر بھر کی شاہراہوں پر قیادت کی تصاویر والے ہورڈنگز، خیر مقدمی بینرز اور فلیکسز آوایزاں تھے ۔ ریلیوں کی صورت میں آنے والے کارکن سارے راستے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ نوجوانوں کا بہت بڑا قافلہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے پہنچا اور پر جوش کارکن توجہ کا مرکز بنے رہے ۔اس موقع پر کارکنوں نے شیر کے ماڈل ،قومی اور پارٹی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے ۔

اراکین اسمبلی ، بلدیاتی نمائندوں کی قیادت میں بھی کارکنوں کی بڑی تعداد ریلیوں کی صورت میں داتا دربار پہنچی ‘مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما میاں عثمان کی طرف سے 5بکرے صدقہ کئے گئے جن کا گوشت غرباء اورمستحقین میں تقسیم کر دیا گیا ۔ ممبر ڈسٹرکٹ بی بی وڈیری کی طرف سے بھی تین بکر ے صدقہ کئے گئے ۔ دیگر کئی مقامات پر بھی بکروں کا صدقہ دیا گیا اور نواز شریف کی درازی عمر کے لئے دعائیں کی گئیں۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی شاہدرہ اور لاہور میں اجتماعات سے خطاب کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی طرف سے شاہدرہ میں اسٹیج کی متعدد بار جامع چیکنگ کی گئی ۔

اس موقع پر سراغ رساں کتوں اور جدید آلات سے پورے اسٹیج کا چپہ چپہ چیک کیا گیا ،اسی طرح داتا دربار کے قریب بنائے گئے اسٹیج کو بھی وقفے وقفے سے چیک کیا جاتا رہا اور کلیئرنس کے بعد کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اسٹیج کے اوپر جانے سے روکدیا گیا ۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی کا کالا شاہ کاکو پہنچنے پر وہاں پہلے سے موجود ہزاروں کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا اور ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، کارکن دیوانہ وار نواز شریف کی گاڑی کے آکر نعرے لگاتے اور بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ نواز شریف ہاتھ ہلا کر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے رہے ۔ کارکنوں کی تعداد ہزاروں میں ہونے کی وجہ سے کالا شاہ کاکو سے آگے ریلی کی رفتار مزید سست ہو گئی اور شاہدرہ پہنچنے تک گھنٹے لگ گئے ۔

تازہ ترین