• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری برادری کا وزیراعظم سے ایمنسٹی اسکیم لانے کا مطالبہ

Todays Print

کراچی (سہیل افضل )کاروباری برادری نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے بیرون ملک بھیجا جانے والا پیسہ واپس لانے کیلئے ایمنسٹی اسکیم لانے کا مطالبہ کر دیا۔ کاروباری برادری کے نمائندہ افراد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ماضی میں امن وامان اور بے یقینی کی وجہ سے کاروباری برادری خوف کا شکار تھی اس لیے بڑے پیمانے پر پیسہ باہر منتقل ہوا حکومت اگر ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کر دے تو بڑے پیمانے پر پیسہ پاکستان آسکتا ہے۔

بزنس کمیونٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اقتصادی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں نے ملک کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کردیا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیر طفیل اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شمیم احمد فرپو اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال ،گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا ، ممبر ان لینڈ ریونیو خواجہ نوید، مفتاح اسماعیل، مصدق ملک ،اوورسیز چیمبر کے خالد منصور، حبیب بینک کے سلطان علی الانہ، فیڈریشن کے نائب صدر اشتیاق بیگ، حسین دائود، عارف حبیب، عقیل ڈھیڈی، محمد علی ٹبہ، فواد انور، بشیر جان محمد، بشیر علی محمد، آصف ریاض ٹاٹا، ڈاکٹر اختیار بیگ، سراج تیلی، زبیر موتی والا، عاطف باجوہ، فواد حسن فواد، صالح فاروقی، جہانگیر صدیقی اور دیگر ممتاز بزنس بھی موجود تھے۔

تاجروں صنعت کاروں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ صنعتوں کو سستی بجلی قابل برداشت نرخوں پر سپلائی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق کاروباری برادری نے وزیر اعظم سے امپورٹ کم کرنے کے لیے اقدامات کی بھی درخواست کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت میاں نواز شریف کی قیادت میں پالیسیوں کو آگے بڑھائے گی ۔سکیورٹی اداروں کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے ملک کے معاشی حب کا امن بحال ہوا ہے۔

تازہ ترین