• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Sridevi Turns 54

80 کی دہائی میں اپنے مختلف انداز اور اداؤں سے فلم بینوں کے دل جیتنے والی بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی 54 برس کی ہوگئیں۔

ہندی، تامل،تیلگو اور ملیالم زبانوں میں کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والی سری دیوی13اگست 1963ء کو بھارتی ریاست تامل ناڈومیں پیدا ہوئیں جنہوں نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز بحیثیت چائلڈ آرٹسٹ چار سال کی عمر میں تامل فلم تھنائیواں سے کیا۔

فلم جولی سے بحیثیت معاون اداکارہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی سری دیوی نے بطور ہیروئن ’’سولہواں ساون ‘‘سے اس انڈسٹری میں قدم جمانے شروع کیے۔

بعد ازاں پے درپے ہمت والا،صدمہ،نگینہ،کرما،جانباز،مسٹر انڈیا،چالباز،چاندنی،لمحے ،خدا گواہ،گمراہ،لاڈلا اور جدائی جیسی کئی کامیاب و بہترین ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے سری دیوی نے جہاں فلمی ناقدین سے بے پناہ دادو تحسین سمیٹی وہیں درجنوں ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

فلمساز بونی کپور سے شادی کے بعد 15 سال تک فلم انڈسٹری سے دور رہنے والی سری دیوی نے 2012ء میں ’’انگلش ونگلش‘‘سے فلمی پردے پر واپسی کی جس نے انہیں ایک بار پھر صف اول کی نوجوان اداکاراؤں کے مدِ مقابل لاکھڑا کیا۔

فلم انڈسٹری میں سری دیوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے گزشتہ سال انہیں بھارت کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری کا حقدار ٹھہرایا گیا جبکہ ایک سروے میں انہیں 100سالوں میں بھارت کی سب سے بہترین اداکارہ بھی تسلیم کیا گیا۔

 

تازہ ترین