• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کے شہر ٹوکیو میں جاری پاک جاپان دوستی فیسٹیول کا چوتھا روز بھی ایونٹس سے بھرپور رہا جس میں ہزاروں جاپانی و پاکستانی فیملیز نے شرکت کی اور پاکستان اور جاپان کی ثقافت ، موسیقی اور کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے پاک جاپان دوستی فیسٹیول کے روح رواں اور آئس نامی این پی آو کے صدر رمضان صدیق نے کہا کہ یہ فیسٹیول گزشتہ چھ ماہ سے جاری محنت کا ثمر ہے جس میں ان کے ساتھ شاکر احمد ، راشد صمد اور جاپانی این جی اوز کے ارکان کی محنت کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان کا تعاون بھی شامل رہا ہے۔

رمضان صدیق نے کہا کہ پاک جاپان فیسٹیول انتہائی کامیاب رہا ہے، لہٰذا فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال اس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ فیسٹیول کے انعقاد میں تین سال کا وقفہ آیا ہے تاہم مستقبل میں ہر سال اس ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس دوستی فیسٹیول میں خواتین کی جانب سے مہندی لگانے کا انتظام کیا گیا ہے جہاں نہ صرف پاکستانی بلکہ جاپانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی مہندی لگواتی نظر آتی ہیں ،جبکہ پاکستانی کھانوں کے اسٹالز پر جاپانی و پاکستانی فیملیز کی لمبی قطاریں بھی نظر اآتی ہیں اور پاکستان سے آنے والے جوجی گروپ کی جانب سے کی جانے والی قوالیوں پر پاکستانی و جاپانی شائقین بھنگڑے ڈالتے نظر اآتے ہیں۔

اس ایونٹ میں جاپان بھر سے پاکستانی فیملیز شرکت کے لیے تشریف لارہی ہیں ،رمضان صدیق نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے ایونٹ کے انعقاد کے لیے دس ہزار ڈالر یعنی دلس لاکھ ین کی رقم کے عطیے کے سبب تقریب کا انعقاد کرنے میں اآسانی پیدا ہوئی ہے جبکہ جاپانی رکن پارلیمنٹ اینوکی کی آمد نے بھی تقریب میں چار چاند لگائے ہیں۔

رمضان صدیق کے مطابق چودہ اگست ایونٹ کا آخری روز ہے جس میں پاکستانی سفیر بھی خصوصی شرکت کریں گے جبکہ جاپانی اور پاکستانی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

تازہ ترین