• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این بی پی اسنوکر چیمپئن شپ کا کوارٹر فائنل اتوار کو ہوگا

Quarter Final Of Nbp Snooker Championship To Be Held On Sunday

اسجد اقبال نے دفاعی چیمپئن محمد آصف کو اور نمبر 15سیڈ مبشر رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر 6سیڈ سہیل شہزاد کو حیران کن شکست دے کر این بی پی قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل کے بیسٹ آف نائن میں نمبر 15سیڈ مبشر رضا نے نمبر 6سیڈ سہیل شہزاد کو 5-2 سے شکست دی۔

نمبر 11سیڈ دفاعی چیمپئن محمد آصف کو نمبر 2سیڈ اسجد اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5-3 سے شکست دے کر ایونٹ سے آئوٹ کیا۔

ان سیڈڈ جونیئر انڈر 21 کھلاڑی حارث طاہر نے بھی نمبر 16 سیڈ محمد اشتیاق کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا،حارث طاہر اور محمد اشتیاق کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا جس میں حارث نے 5-3 سے فتح اپنے نام کی۔

محمد بلال نے پری کوارٹر میں دو سنچری بریک کھیلے، پہلے فریم میں انہوں نے 131 اور پانچویں فریم میں 101 کا سنچری بریک کھیلا۔

محمد بلال نے بابر مسیح کو 5-2 سے، شاہد آفتاب نے شاہ خان کو باآسانی 4-0 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کی۔

محمد ماجد علی نے پری کوارٹر فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں پونے 4گھنٹے کی محنت کے بعد شرجیل محمود کو 5-3 سے شکست دے کر ٹاپ ایٹ میں جگہ بنائی،دونوں کے درمیان پری کوارٹر کا سب سے طویل پونے چار گھنٹے کا مقابلہ ہوا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں عبدالستار کا مقابلہ محمد بلال سے، شاہد آفتاب کا مقابلہ مبشر رضا سے، محمد اعجاز کا حارث طاہر سے، محمد ماجد علی کا اسجد اقبال سے مقابلہ ہوگا۔

تازہ ترین