• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا،ڈینگی خدشہ، اسکولوں میں اسمبلی اور تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے پر غور

 پشاور(نمائندہ جنگ)پنجاب حکومت کی محکمہ صحت ٹیم نے24 گھنٹوں کے دوران1000سے زائد ڈینگی کے مریضوں کو معائنہ کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا نے محکمہ تعلیم کو اسکولوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات اٹھانے کیلئے احکامات جاری کردیئے ہیں، پشاور میں ڈینگی کی وباءکے بعد پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف کی ہدایت پروزیرصحت کی سربراہی میں پنجاب کی میڈیکل ٹیمیں پشاور پہنچیں جنہوں نے متاثرہ علاقوں تہکال اور دیگر میں مریضوں کی اسکریننگ اورانہیں علاج معالجے کی دیگر سہولیات فراہم کیں ، محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے اعداد وشما رکےمطابق پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار چوبیس متاثرہ افراد کا معائنہ کیا، دریں اثناءڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹر شبینہ رضاکے دفتر سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں معلوماتی کتابچے سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔  اسکولوں اورکالجوں میں پورے آستینوں کی قمیص اورشلوار استعمال کی جائیں، سکول جانے سے قبل بچوں کے ہاتھوں ،پاؤں اور جسم کے کھلے حصوں پر لوشن استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں میں مچھروں کی افزائش والی جگہوں کی صفائی کی جائے، ڈینگی علامات کی صورت میں فوری قریبی مرکز صحت سے رابطہ کریں۔تمام تعلیمی سر گرمیوں سمیت صبح کی اسمبلی کو معطل یا مناسب وقت کے ساتھ تبدیل کیا جائے کیونکہ ڈینگی مچھر طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے وقت حملہ آور ہوتا ہے اور روزانہ آگاہی سیشن منعقد کی جائیں۔

تازہ ترین