• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کے صدر عمانیل کمرون نے اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ اگر یورپ میں جلدہی بڑی تبدیلی نہ آئی تو مورخ کو دنیا کی تاریخ یورپ کےبغیر ہی لکھنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورپ متحد رہتا ہے تو تب ہی وہ طاقتور رہے گا، اگر فرانس اور جرمنی اکھڑے اکھڑے اور الگ الگ رہے تو یورپ بھی کمزور رہے گا، دنیا یورپ کیلئے انتظار نہیں کرے گی۔
یورپی یونین کی مشترکہ کرنسی یورو کو جب سے بحران کا سامنا ہوا ہے صورتحال تبدیل ہوگئی ہے اور وہ بھی بڑی تیزی سے۔ جرمنی اور ہالینڈ کے عوام میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ اگر یورپی یونین کے تمام ارکان اسی طرح سے اپنا طرز عمل، طریقہ کار اور رجحان رکھتےجیسا کہ جرمنی کا ہے تو یورو کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ یورپ میں آئرلینڈ، یونان اور پرتگال کی معیشتوں کی تو یورو زون نے مدد کی ہے لیکن اب ان کے سامنے بڑا سوال بلکہ سب سے بڑا چیلنج اربوں یورو کے قرض میں ڈوبی معیشتوں یونین اور اسپین کو بچانے کا ہے۔ قرض میں ڈوبے یورو زون کی معیشتوں میں  ڈسپلن لانے اور یورو کو استحکام دینے کیلئے فرانس کے صدر عمانیل مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقات میں  مصروف ہیں۔ ایک بات واضح طور پر کہی جاسکتی ہے کہ فرانس اپنی خودمختاری کو نہیں چھوڑے گا اور اگر یورو زون کی معیشتیں متحد ہوکر نہیں چلتیں تو یورو کا وجود خطرے میں رہے گا اور فرانس اس لئے بھی چلارہا ہے کہ دنیا میں مستقبل میں یورپ کی آواز سنی جائے۔
اگرچہ یورپی یونین کو آجکل کئی طرح کے بحرانوں کا سامنا ہے لیکن سردست رکن ممالک کی تمام تر توجہ اپنی کرنسی یورو پر مرکوز ہے۔ یورو گزشتہ سال سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے لیکن اب کہیں جاکر یورپ کے یورو بحران کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے دنیا کے امیر اور مضبوط اقتصادیات کے حامل ممالک کے مرکزی بینکوں کی جانب سے اس بحران کے بوجھ کو تقسیم کرنے کے احساس سے ایک امید کی کرن پھوٹی ہے۔ اس اقدام سے عالمی منڈیوں میں کاروباری حلقے مطمئن دکھائی دے رہے ہیں اور اربوں ڈالرز کے کاروباری سودوں کا ڈول ڈالا گیا ہے۔ جرمنی کے بازار حصص میں پانچ فیصد تک اضافہ نوٹ کیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ یورپی سطح کے مسئلوں میں جرمنی کا کردار انتہائی پراعتماد ہے۔ کئی دہائیوں تک یورپ کے حوالے سے جرمنی کی پالیسیاں بہت محتاط تھیں ،تب ایسے یورپ کی خواہش نہیں کی جارہی تھی کہ جس پر جرمنی کی چھاپ ہو بلکہ ایک ایسے جرمنی کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں جو یورپ کا حصہ ہو۔ جرمنی کی مخصوص تاریخ اور جنگ دوم کی وجہ سےہر لمحے یہ خیال کیا جاتا رہا کہ کسی بھی موڑ پر سامراجیت کاشائبہ تک نہ ہو۔جرمنی کے قومی مفادات کو پس پشت ڈال دیا کہ یورپ کی ’’روح‘‘ متاثر نہ ہو۔یہی وجہ تھی کہ ہالینڈ میں رہتے ہوئے بھی مجھے ایسے محسوس ہوتا رہا کہ کئی دہائیوں تک یورپ اور یورپی یونین کے حوالے سے جرمنی کی پالیسیاں بہت محتاط تھیں۔بہرحال اب جرمن عوام میں یہ تاثر جنم لے رہا ہے کہ جرمنی کو ان ممالک کی مدد کرنا پڑرہی ہے جو اپنے مالی معاملات حل نہیں کرسکتے اور جن کی گرفت سے یہ معاملات باہر ہوچکے ہیں۔
ادھر یورپی یونین نے ’’مالی‘‘ معاملات کے حل کیلئے چین کو بھی درخواست دے دی ہے۔ یورپی قائدین نے چین سے مطالبہ یا درخواست (جو بھی سمجھ لیں) کیا ہے کہ وہ امدادی فنڈ میں سرمایہ کاری کرے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے صدر کرسٹن لاگارڈے نے وارننگ دی ہے کہ دنیا معاشی بحران کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ ان کی یہ وارننگ ایشیائی ممالک کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے کہ ایشیا ان مسائل سے مستثنیٰ نہیں ہے جن سے آج یورو زون دوچار ہے۔صدر لاگارڈے نے چینی سینٹرل بینک کے گورنر اور اعلیٰ عہدیداروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یورو زون کی حالت زار کا نوحہ کیا اور انہیں یہ دھمکی نما وارننگ بھی دے ڈالی کہ اگر ہم مشترکہ طور پر کوشش نہیں کریں گے تو پوری دنیا معاشی بحران کی دلدل میں پھنس جائے گی۔ معاشی کساد بازاری پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ چین دنیا میں سب سے زیادہ بیرونی زرمبادلہ رکھنے والا ملک ہے، اس کے بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر 3.80کھرب ڈالر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ یورو زون کو مالیاتی بحران سے نکالنے کیلئے ’’بیل آئوٹ‘‘ کے فنڈ میں سرمایہ لگائے۔ چین کو بتایا گیا ہے کہ ہم سب کی قسمت ایک دوسرے سے وابستہ ہے، ڈوبے تو سب ہی ڈوبیں گے اور ابھرے تو سب ابھریں گے۔ لاگارڈے نے روس کا بھی دورہ کیا ہے اور روس کو بھی خبردار کیا ہے کہ یورپی معاشی بحران سے اس کی چشم پوشی خطرناک ہوگی۔ امریکہ اور یورپ نے چین پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ چین نے اپنی کرنسی کی قدر کو جان بوجھ کر کم سطح پر رکھا ہے تاکہ اپنے برآمدکنندگان کو غیرقانونی فائدہ پہنچایا جائے۔یہاں یہ بات بھی یاد رکھنے والی ہے کہ امریکہ اور یورپ چین کی مصنوعات اور اشیاء کے سب سے بڑے خریدار ہیں۔
مجھے یورپ کے خستہ مالی حالات دیکھتے ہوئے یہ کہنے میں کوئی باک نہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام ناکام ہوچکا ہے، میرے ساتھ دنیا کے 45ممالک کے لگ بھگ ایک چوتھائی افرادبھی اسی بات پر یقین محکم رکھتے ہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام نقائص سے پر ہے۔ یہ بات تازہ پول میں سامنے آئی ہے۔ گلوب سیکن کے سروےمیں 36 ہزار افراد میں صرف 9 فیصد کا کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ نظام صحیح رہا اور مزید کسی بڑے ضابطے کی ضرورت نہیں جبکہ 56 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام بری طرح ناکام ہے اور نئے معاشی نظام کی ضرورت ہے لیکن ایک شرمناک المناک اور افسوسناک بات یہ ہے کہ امریکہ کے علاوہ کشور حسین شاد باد ہی ایک ایسا ملک ہے جہاں 12 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ نظام بالکل صحیح چل رہا ہے۔
امریکہ اور یورپ میں آئے اس مالی بحران اور مندی کو دیکھتے ہوئے یہاں کے شہری اپنے مستقبل کے تعلق سے سخت فکر مندہوگئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تعلیم یافتہ افراد اور ماہرین ملازمت حاصل کرنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کا رخ کررہے ہیں جن میں سرفہرست پاکستان کا ہمسایہ بھارت ہے۔ یورپ کے ایک جریدے صنعتی اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں اس وقت 40 سے 50 ہزار غیرملکی ماہرین کام کررہے ہیں، بھارت میں غیرملکیوں کو ملازمت دلانے والی فرم کے منیجر نے جریدہ کو بتایا ہے کہ ’’چونکہ ہمارا ملک تیزی سے معاشی ترقی کی طرف گامزن ہے جہاں  ملازمتوں کے اعلیٰ مواقع دستیاب ہیں، یہ دیکھتے ہوئے امریکہ اور یورپ کے ماہرین انڈیا کو ملازمت کیلئے ترجیح دے رہے ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں غیرملکی ملازمین کی تعداد میں 15سے 20فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بھارت میں امریکی اور یورپی ماہرین کو بالخصوص بینکنگ، مالیاتی اداروں، آٹوموبائل، فارما، ریٹیل سیکٹر اور آئی ٹی میں خدمات کیلئے منتخب کیا جاتا ہے۔ ان ماہرین کو (بالخصوص آئی ٹی ماہرین) کو 40لاکھ روپے سے ایک ارب 25لاکھ روپے تک سالانہ تنخواہ مل رہی ہے۔مغربی ممالک اور امریکہ میں اقتصادی بحران کی وجہ سے وہ نوکریوں کیلئے بھارت کا رخ کررہے ہیں۔ بہت ساری کمپنیوں، اداروں اور آرگنائزیشنوں نے بجٹ کی کمی کی وجہ سے اپنے دفاتر بھارت منتقل کردیئے ہیں۔
ایک زمانہ تھا کہ برصغیر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد روزگار اور اچھے مستقبل کیلئے امریکہ اور یورپ کا رخ کرتے تھے لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، امریکہ اور یورپ خود معاشی اور مالی ابتری کا شکار ہیں،اب ان ممالک کے تعلیم یافتہ، ڈگری یافتہ اور ہنرمند افراد روزگار حاصل کرنے کیلئے بھات کا رخ کررہے ہیں یعنی گنگا الٹی بہہ رہی ہے۔
میں نے کہیں پڑھا ہے کہ حالات کی تبدیلی کے بعد حالات کے خلاف شکایت نہ کیجئے بلکہ نئے حالات کے مطابق اس کا نیا حل سوچئے۔

تازہ ترین