• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سب صحیح رہا تو آئی سی سی ایونٹ یہاں ہوں گے،رچرڈسن

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی پر بہت خوشی ہورہی ہے ،یہاں کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔

آج ہی دبئی سے لاہور پہنچنے والےآئی سی سی کے سی ای اوڈیوڈ رچرڈسن نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ سب صحیح چلتارہا تو آئی سی سی ایونٹ بھی پاکستان میں ہوسکتے ہیں، جائلز کلاک نے یہاں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے بہت کام کیا ہے،ہماری توجہ رکن ممالک کو پاکستان میں کھلانے پر بھی ہے۔

ان کا کہناتھاکہ پی سی بی نے ملک میں کرکٹ کی واپسی کے لئے بہت محنت کی ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی خدمات بھی قابل قدر ہیں۔

ڈیوڈ رچرڈسن نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کہا کہ پی سی بی کافی عرصے سے کوششیں کر رہا ہے کہ بھارت سے سیریز ہو جائے، اس حوالے سے پاکستانی بورڈ نے ہم سے رابطہ کیا ہے،ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ممبرز ممالک ایک دوسرے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی، اس سیریز سے دنیا بھر میں پیغام جائے گا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے محفوظ ملک ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی دعوت پر آزادی کپ کا دوسرا میچ دیکھنے کے لئے لاہور آنے والے ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے،امید کرتے ہیں کہ دوسری ٹیمیں بھی یہاں آکر کھیلیں گئیں۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کا کہناتھاکہ آئی سی سی آیندہ 3 سال کے لئے پاکستان میں سیکیورٹی کمپنی کی مالی معاونت کرے گا، جس نے اس ایونٹ کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے ہمارے اس پلان کو جائلز کلاک اور رچرڈسن نے بہت سپورٹ کیا، آئی سی سی کے تعاون سے ہی آزادی کپ ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کل کے میچ میں آئی سی سی زندہ باد کے نعرے بھی لگیں گے۔

تازہ ترین