• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام جھوٹ ہے، مریم نواز

Reject All Charges On Unfair Use Of Government Resources

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے این اے ایک سو بیس میں سرکاری وسائل کے استعمال کے الزام کی تردید ہوئے کہا ہے کہ سڑکیں ہر جگہ بن رہی ہیں کام ہر جگہ ہورہے ہیں۔

مریم نواز نے گارڈن ٹاؤن میں جمعیت علمائے پاکستان کے صدرپیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کی،بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیر اعجاز ہاشمی اور جے یو پی کی شکر گزار ہوں، انہوں نے میری والدہ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے، اویس نورانی صاحب نے حمایت کا اعلان کیا ہے جس پر ان کی بھی شکر گزار ہوں۔

مریم نواز نے کہا مزید کہ ہار کے خوف سے بہانے بازی مخالفین کی پرانی عادت ہے، مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آئیں۔

سابق وزیرداخلہ کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار والد کے ساتھی ہیں، ان کے اپنے خیالات ہیں،ان کے اظہار کا اپنا طریقہ ہے وہ میرے بڑے ہیں، میں ان کی عزت اور احترام کرتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں پوری شریف فیملی کی نمائندگی کررہی ہوں، میرے والد ، چچا اور والدہ ملک سے باہر ہیں، این اے 120 میں مجھے پوری جماعت کی حمایت حاصل ہے۔

اس موقع پر پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ آپ سب لوگوں کے تشریف لانے پر شکر گزار ہوں، پاکستان بنانے میں جے یو پی اور مسلم لیگ شانہ بشانہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی کے لیے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے، جے یو پی شروع سے مسلم لیگ کی اتحادی رہی ہے،ہمارا نقطہ نظر کبھی بھی ڈکٹیڑوں کا ساتھ دینا نہیں رہا۔

اس سے پہلےمریم نواز سے جامعہ نعیمیہ کے وفد نے ملاقات کی، مریم نوازنے جامعہ نعیمیہ کے مہتمم اعلیٰ ڈاکٹر راغب نعیمی سےسعودی عرب میں ٹیلیفونک گفتگو بھی کی۔

راغب نعیمی نے این اے 120 کے الیکشن میں مریم نواز کوبھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

مریم نواز کا لاہورمیں مسلم لیگ ن کی خواتین پولنگ ایجنٹوں سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں ملک اور اپنی جماعت کے لیے کئی کئی گھنٹے کام کرتی ہوں،مگرمیرا جذبہ تازہ رہتاہے، مسلم لیگ ن کے پولنگ ایجنٹوں کا بھی جذبہ ماند نہیں پڑنا چاہئے، چاہے وہ تھکاوٹ ہی کیوں نہ محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں پولنگ ایجنٹوں کا کردارکلیدی ہوتا ہے، وہ اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھیں اور جعلی ووٹ کاسٹ نہ ہونے دیں،پولنگ ایجنٹ نتائج کی مصدقہ کاپی لینے تک وہیں رہیں۔

تازہ ترین