• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20:پریرا اور آملہ نے ورلڈ الیون کو فاتح بنادیا

آزادی کپ کے دوسرے ٹی 20 میچ میں ورلڈ الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ،آخری میچ جمعہ 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا ۔

ورلڈ الیون کو آخری دو گیندوں پر 6 رنز درکار تھے کہ پریرا نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لگاکر جیت پاکستان سے چھین لی، رومان رئیس آخری اوور میں 13رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور میچ ایک گیند پہلے ہی ختم ہوگیا ۔

اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملہ نے آخر تک ایک اینڈ سنبھالے رکھا 55 گیندوں پر 72رنز کی قیمتی اننگز کھیلی،انہوں نے اس دوران 2چھکے اور 5چوکے بھی لگائے ، انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 174رنز بنائے اور ورلڈ الیون کے لئے 175 رنز کا ہدف سیٹ کیا ،گرین شرٹس کی طرف سے بابر اعظم 45رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، احمد شہزاد نے 43 جبکہ شعیب ملک نے 39رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

ورلڈ الیون کی طرف سے ہاشم آملہ اور تمیم اقبال نے اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ پر 47 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا ، تمیم اقبال 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 23رنز بنائے اور اپنی وکٹ سہیل خان کے حوالے کردی۔

ہاشم آملہ نے اس کے بعد ٹم پین کے ساتھ مجموعے میں 24 رنز کا اضافہ کیا ، ایک چوکے کی مدد سے 10رنز بنانے والے ٹم پین کو عماد وسیم نے قابو کیا۔

ورلڈ الیون کے تیسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان فاف ڈوپلیسی نے انہوں نے 2چھکوں لگائے اور ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا،ورلڈ الیون کے کپتان کو محمد نواز نے پویلین کی راہ دکھائی ۔

ہاشم آملہ نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی اور نئے آنے والے بیٹسمین تھیسارا پریرا کے ساتھ 69 رنز کی شراکت قائم کی۔

تھیسارا پریرا نے 5چھکوں کی مدد سے صرف 19 گیندوں پر 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ مکمل طور پر ورلڈ الیون کے حق میں موڑ د یا۔

پاکستان کی طرف سے سہیل خان ، عماد وسیم اور محمد نواز نے بالترتیب44 ,27 اور 25رنز دے کر ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

تازہ ترین