اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان ابھی اس سوچ میں مصروف ہیں کہ اپیل کریں یا نہیں انہیں تفصیلی فیصلہ آنے کے دو ہفتے بعد اپیل کرنا ہے۔ ایسے میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر محمد عرفان کی معطلی آج ختم ہورہی ہے۔
طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا سنائی گئی تھی جس میں انہیں 14 مارچ کو معطل کیا گیا تھا جب کہ ساتھ میں ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی کے مطابق محمد عرفان کی معطلی ختم ہونے کے بعد وہ اینٹی کرپشن یونٹ کی کلیئرنس ملنے پر کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوجائیں گے۔
اینٹی کرپشن یونٹ جرمانے کی ادائیگی اور ری ہیب کے عمل پر عملدرآمد پر کلیئرنس دے گا۔ واضح رہےکہ محمد عرفان کو باہمی رضا مندی کی سزا کے کوڈ کے تحت ایک برس کی سزا ہوئی تھی جب کہ اسی کیس میں کرکٹر شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ خالد لطیف کا کیس زیر سماعت ہے۔