• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Opening Ceremony Of Cricket Stadium In Spain

جب سے اسپین کی قومی کرکٹ ٹیم بنی ہے اور کاتالان کرکٹ فیڈریشن معرض وجود میں آئی ہے اس وقت سے ہسپانوی حکومتی اداروں نے بھی کرکٹ کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے کرکٹ گراونڈزکی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس ضمن میں بارسلونا کے نواحی علاقہ مونت کادہ ، سانت بوئی اور دوسرے شہروں میں کرکٹ گراونڈزمہیا کئے گئے ہیں ۔اسپین میں کرکٹ کی 32ٹیمیں رجسٹرڈ ہیں جن کے مابین سالانہ کرکٹ لیگ اور بادشاہ کپ ، سپر سکس اور ایشیاء کپ نامی مقامی ایونٹ بھی بارسلونا میں منعقد ہو چکا ہے ۔

گذشتہ دنوں بارسلونا کے قریبی شہر ’’ جرونا ‘‘ کی مقامی حکومت کے نمائندے ’’ کارلوس ‘‘ کی موجودگی میں ملنے والے کرکٹ گراونڈ کا آج افتتاح چوہدری امانت مہر نے کیا اور گراونڈ کا نام شجاع کرکٹ اسٹیڈیم رکھا ۔

سرخ فیتہ کاٹنے کی اس تقریب میں کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر مرزا بشارت ، نائب صدر صغیر مختار ، اور فنانس سیکرٹری سجاول خان بھی شریک ہوئے جبکہ مانچسٹر سے نواب اسحاق اور شہر یار خان نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے اسپین کرکٹ ٹیموں کے ساتھ برطانیہ کی کرکٹ ٹیموں کےساتھ میچ منعقد کرائیں گے۔

اس موقع پر چوہدری امانت مہر نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں کے اسپتال ہمیشہ ویران رہتے ہیں ، اس کی یہی وجہ ہے کہ نوجوان منفی سرگرمیوں کو چھوڑ کر مثبت اور صحت مندانہ مصروفیات پر دھیان دیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر میں ہم اپنا مکمل تعاون مہیا کریں گے تاکہ ہمارے نوجوان کرکٹ جیسے کھیل کو یورپ بھر میں متعارف کروا سکیں۔

ایسی سرگرمیاں مقامی کمیونٹی کو پاکستانیوں کی جانب سے مثبت پیغام دینے کا ذریعہ بن سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ایشیائی کمیونٹی نے یورپی ممالک میں والی بال اور کبڈی کو متعارف کرایا ہے اسی طرح میں چاہتا ہوں کہ فٹ بال کے گھر یورپ میں کرکٹ کو تیزی سے فروغ ملے اور یہ یہاں کی گروانڈز میں کرکٹ پروان چڑھے ۔

تازہ ترین