• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا مختلف ممالک میں انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان

Pakistan Tehreek Insaf Announced Intra Party Elections In Different Countries

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی عہدیداران کے مطابق یورپی اور دوسرے ممالک میں انٹرا پارٹی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ۔

انٹرا پارٹی الیکشن کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پہلے مرحلے کاالیکشن 19نومبر کو اسپین، فرانس ، اٹلی ، یونان ،کینیڈا اور ہانگ کانگ میں ہوگا کیونکہ ان ممالک میں پہلے سے پیڈ ممبر شپ چیپٹر کام کر رہے ہیں یہاںپیڈ ممبر شپ کی آخری تاریخ 15اکتوبر2017ہوگی اور الیکشن کے لئے کم از کم 2سو پیڈ ممبرز کا ہونا لازمی رکھا گیا ہے ۔

دوسرے مرحلے کا انٹرا پارٹی الیکشن بیلجیم ، ڈنمارک ،سوئٹرزلینڈ ، آسٹریا اور جاپان میں ہوگا جہاں پیڈ ممبر شپ چیپٹرابھی نئے بنے ہیں ان ممالک میںپیڈ ممبر شپ کی آخری تاریخ 22اکتوبر جبکہ الیکشن کی تاریخ 26نومبر ہو گی اور یہاں کم از کم پیڈ ممبرز کی تعداد 150ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔

تیسرے مرحلے میںفن لینڈ ، سویڈن ، ناروے ،جرمنی ،ہالینڈ، نیوزی لینڈ اور روس شامل ہیں جہاں ابھی پیڈ ممبر شپ کے چیپٹر بنانے کا کام شروع کیا گیاہے وہاں پیڈ ممبربنانے کی آخری تاریخ 29اکتوبر جبکہ الیکشن کی تاریخ 3دسمبر رکھی گئی ہے اور ممبرز کی کم از کم تعداد 100ہونا لازمی ہوگا ۔

اسپین بھر میں انٹرا پارٹی الیکشن کی تیاریاں زوروں پر ہیں کیونکہ برطانیہ کے بعد اسپین دوسرا ملک ہے جہاں پیڈ ممبرز کی تعداد یورپ کے دوسرے ممالک کی نسبت سب سے زیادہ تھی ۔اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے کوآرڈینیٹر طارق رفیق بھٹی سمیت دوسرے کارکن انٹرا پارٹی الیکشن کی تیاری اور پیڈ ممبرز بنانے میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔

روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کوارڈینیٹر کاتالونیا طارق رفیق بھٹی نے کہا کہ اِس بار الیکشن بھی شاندار ہوں گے اور جس کی جتنی محنت ہو گی وہ اُتنا آگے آئے گا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے پیڈ ممبر کے لئے فیس 36یورو تھی لیکن اب یہ کم کرکے 18یورو سالانہ کر دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری اقدار کی امین وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے عام کارکنوں کو انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے پارٹی کے اعلیٰ عہدوں تک پہنچایا ہے اور ہر پیڈ ممبر کو یہ حق دیا ہے کہ وہ کسی بھی پارٹی عہدے کے لئے اُمیدوار بن سکتا ہے ۔

 

 

تازہ ترین