کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستا ن سپر لیگ میں انگلینڈ کے سابق بیٹسمین کیون پیٹرسن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کھلاڑی کے ساتھ ساتھ مینٹور کے فرائض انجام دیں گے۔پاکستان سپر لیگ انتظامیہ تیسرے ایڈیشن میں ہر ٹیم کےایک سینئر کھلاڑی کومینٹور اور کھلاڑی بنانے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔اس بارے میں فیصلہ اتوار کو لاہور میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان اہم بیٹھک لاہور میں ہورہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا فائدہ تمام ٹیموں کو ہوگا۔پلاٹینیم کیٹگری والا کھلاڑی جب مینٹور بنے گا تو اس ٹیم کے پاس یہ آپشن ہوگا کہ وہ ضرورت پڑنے پر اسی کٹیگری کے ایک اور کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا آپشن استعما ل کر سکتی ہے۔اس نئی تجویز کے مطابق کیون پیٹرسن کوئٹہ،شاہد خان آفریدی کراچی کنگز،ڈیرن سیمی پشاور زلمی اور مصباح الحق اسلام آباد یو نائیٹیڈ کے کھلاڑی کم مینٹور ہوں گے۔کوئٹہ نے ویسٹ انڈین ویوین رچرڈز کو مینٹور بنایا ہوا ہے۔اس فیصلے کے بعد انہیں کوئی اور عہدہ دیا جائے گا۔لاہور قلندر نے گذشتہ سال نیوزی لینڈ کے برینڈن میکالم کو کھلاڑی کے ساتھ ساتھ مینٹور مقرر کیا تھا۔لاہور قلندر کی تجویز دیگر فرنچائز کو پسند آئی۔