• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے دہشت گردی کی کمرتوڑ دی ،رکن اسمبلی عائشہ سید

Pakistan Has Blamed Terrorism Member Assembly Aisha Syed

رکن قومی اسمبلی پاکستان محترمہ عائشہ سید نے کہاہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے۔ بہت سی مشکلات اور دشواریوں کے باوجود پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ کیاہے۔ ملک اس وقت ترقی کے راستے پر کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کے خطاب سے قبل، ناروے میں پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے مہمان کو ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے بارے میں بریف کیا اور مہمان کا شرکاء سے بھی تعارف کروایا۔

عائشہ سید نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت پاکستان کے حوالے سے اتنی شکایات کے باوجود نارویجن پاکستانی کمیونٹی پاکستانی سفیررفعت مسعود کے بارے میں اچھی آراء رکھتی ہے۔ میں ان کی خدمات کو سراہتی ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان میں تعلیم میں خواتین مردوں سے کافی آگے ہیں اور ترقی میں بھی اپنا پورا پورا حصہ ڈال رہی ہیں۔ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کی کمر توڑی دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے اب تک ایک سو بیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور ہزاروں لوگ شہید ہوئے ہیں۔ اب پاکستان بہتری کی طرف جارہاہے۔پاکستان میں ترقی او سرمایہ کاری کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ سی پیک پاکستان میں ترقی کے مواقع کا کھلا ثبوت ہے۔ اس سپرمیگا پراجیکٹ کی وجہ سے پاکستان میں بہت زیادہ بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے۔

عائشہ سید قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیزپاکستانیز کی رکن بھی ہیں۔انہوں نے سمندرپارپاکستانیوں کے بارے میں کہاکہ اوورسیزپاکستانی پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ باہرممالک میں پاکستان کے نمائندے ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ یہ لوگ محبت اور خلوص والے لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ان کا پاکستان کے ساتھ رابطہ برقرار رہے۔ نئی نسل کے اوورسیزپاکستانی بھی پاکستان جائیں۔ ہم پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ بنارہے ہیں۔ ہم سب کو چاہیے کہ اس ملک کو بہتراورمضبوط بنائیں تاکہ ملک ترقی کرسکے اور خوشحال ہوسکے۔ا سٹوڈنس کے تبادلوں کا سلسلہ زیادہ سے زیادہ ہوناچاہیے۔

عائشہ سید کا تعلق سوات سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے دوران سوات میں لڑکیوں کے اسکولز منہدم ہوگئے تھے انہیں دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔

 

تازہ ترین