• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد عابد راجہ ناروے پارلیمان کے ڈپٹی اسپیکر منتخب

Abid Raja Elected As Deputy Speaker Of Norwegian Parliament

نارویجن پاکستانی سیاستدان عابد قیوم راجہ ایڈوکیٹ ناروے کی قومی پارلیمنٹ کے نائب صدر (ڈپٹی اسپیکر) منتخب ہوگئے ۔

ناروے کی پارلیمنٹ کے چھ رکنی صدارتی پینل کا انتخاب گذشتہ روز عمل میں آیاجس کے تحت عابد راجہ کو نائب صدور کے پانچ رکنی گروپ میں پانچویں نمبر پر منتخب کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ کی صدارت کے لیے نارویجن سیاستدان اولیمک تھومسن دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔

عابد راجہ کے علاوہ چار دیگرافراد نیلز ٹی یورکے، ماگنے رومتوت، ایوا کرستین ہانسن اور مورٹن وولڈ بھی نائب صدور منتخب ہوئے ہیں۔ناروے کی پارلیمانی تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ کوئی مسلمان، نارویجن پاکستانی اور ایشیائی پس منظر رکھنے والا سیاستدان پارلیمنٹ کا نائب صدر منتخب ہوا ہے۔

اس سے قبل بائیں بازو کی جماعت کے نارویجن پاکستانی سیاستدان اخترچوہدری2009 میں ناروے کی پارلیمنٹ کے نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔عابد راجہ ان تین نارویجن پاکستانیوں میں شامل ہیں جو گذشتہ ماہ مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارمز سے ناروے کی قومی پارلیمان کے رکن منتخب ہوئے۔

دوسرے دواراکین پارلیمنٹ اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کی نائب صدر ھادیہ تاجیک اور کنزرویٹو حکمران ہورے پارٹی کے مدثر حسین کپور ہیں۔ادھرپاکستانیوں کی ناروے میں بڑی تنظیم پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے عابد راجہ کو پارلیمنٹ کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

چوہدری قمراقبال نے امید ظاہر کی ہے کہ عابد راجہ اور غیرملکی پس منظر رکھنے والے دیگر اراکین پارلیمنٹ معاشرے کی بہتری اور مساوات خصوصاً غیرملکی پس منظر رکھنے والے نارویجن باشندوں کے قانونی حقوق کی پاسداری کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عابد راجہ کی کامیابی خوش آئند بات ہے اور انہیں توقع ہے کہ ناروے کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے وہ اہم کردار ادا کریں گے۔

ناروے کے شہر دریمن کے ڈپٹی میئر سید یوسف گیلانی نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ عابد راجہ کی کامیابی بہت اہم ہے۔ یہ ان نارویجن پاکستانیوں کی محنت کا ثمر ہے جنہوں نے نارویجن معاشرے میں بہت محنت اور دیانتداری سے کام لیا ہے۔

اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے صدر مرزا محمد ذوالفقار نے بھی عابد راجہ کو مبارکباد دی ہے۔ناروے کی انڈر گرائوند ریلوے کی ورکرز یونین کے پاکستانی نژاد جنرل سیکرٹری علی اصغر شاہد نے بھی عابد راجہ کی کامیابی پر انتہائی مسرت کا اظہارکیاہے اور انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی ہے۔

مبارکباد دینے والی دیگر شخصیات میں اسلام آباد راولپنڈی سوسائٹی کے سابق صدر مرزا انوربیگ، پی پی پی ناروے کے سینئر رہنما میاں اسلام و جاوید اقبال اورسماجی شخصیات سلیم جنجوعہ، حاجی لیاقت علی، چوہدری عجب خان اور حاجی ارشد حسین شامل ہیں۔

اکتالیس سالہ عابد راجہ ناروے میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے والدین ستر کی دہائی میں پاکستان کے ضلع گجرات سے ہجرت کرکے ناروے آئے تھے۔عابد راجہ کے والد محمد قیوم راجہ ایک فیکٹری ملازم تھے جبکہ عابد راجہ نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک نارویجن وکیل کے طور پر کیا۔ وہ لا گریجویٹ ہیں اور انھوں نے فلسفے میں ماسٹر ڈگری برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی ہے۔

تازہ ترین