• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی،کراچی میں چھرامارگروپ کی سرگرمیاں،آئی جی وہوم سیکرٹری طلب

Todays Print

اسلام آباد( طاہر خلیل)سینٹ کی داخلہ کمیٹی کو آگاہ کیاگیاکہ ملک بھر میں 1300لاپتہ افراد کے معاملات کاجائزہ لیاجارہاہے۔4329میں سے 2943 لاپتہ افراد کے کیسز نمٹا دئیے گئے۔ نمٹائے گئے بیشتر کیسز میں بازیاب نہ ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کاکام مکمل کرلیاگیا۔ داخلہ کمیٹی کااجلاس سابق وزیر داخلہ سینیٹررحمن ملک کی زیر صدارت ہوا،پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کراچی میں خواتین کے خلاف چھرا مار گروپ کی سرگرمیوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کرلی گئی۔ آئی جی سندھ اور ہوم سیکرٹری کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمن ملک نے کراچی میں محرم کے دنوں میں شیعہ برادری کے بعض نوجوانوں کی گمشدگی کےواقعات کاسختی سے نوٹس لیا،اس معاملے پر بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہاگیا کہ کمیٹی کو بریف کیاجائے۔سینیٹر رحمن ملک نے امریکی وزیر دفاع کے بیان کو مسترد کردیاجس میں انہوں نے کہا تھاکہ سی پیک روٹ متنازع علاقے سے گزررہا ہے، رحمن ملک نے کہاکہ امریکا نے بھارت کی زبان بولنا شروع کردی ہے،ہمیں یہ ہرگز قبول نہیں ۔رحمن ملک نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں خصوصی کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) جاوید اقبال کی کاوشوں کو سراہا۔

سینیٹر رحمن ملک نے کہاکہ لاپتہ افراد کے معاملے پر ایجنسیوں کو مورد ِالزام نہ ٹہرایا جائے۔ بلوچستان میں را اور دیگرملک دشمن ایجنسیاں مصروف عمل ہیں راکے ایجنٹ کلبھوشن نے بلوچستان میں ایسی سرگرمیوں کاخود اعتراف کیا تھا۔

تازہ ترین