• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم این اے ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ مجھے میاں نواز شریف سے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے ۔

سیالکوٹ کے حلقہ این اے111 سے فردوس عاشق اعوان کو پچاسی ہزار ووٹوں سے شکست دیکر شہرت حاصل کرنے والے رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ آنٹیلی جنس بیورو کی جانب سے دہشت گرد گروپوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی فہرست میں ان کا نام ہونا میاں نواز شریف سے وفاداری کی سزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان کی ڈی جی آئی بی سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے جس میں انھوں نے ایسی کسی بھی فہرست کے ساتھ خط کے اجراء سے اظہار لا تعلقی کیا ہے لیکن اس وقت ملک میں جھوٹ پھیلانے کا پورا نیٹ ورک کام کررہا ہے جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔

ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کی جانب سے اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں الیکشن بڑی جماعتوں کے درمیان ہوتے ہیں اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا امیدوار کون ہے اور اس وقت بھی میاں نواز شریف ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں ۔

لہٰذا اگلے عام انتخابات میں مخالف پارٹی کی جانب سے چاہے فردوس عاشق اعوان امیدوار ہوں یا کوئی اور وہ پہلے کی طرح بھاری اکثریت سے ہی کامیاب ہونگے ۔

ن لیگ اوورسیز کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود نے اپنے خطاب میں میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والے غیر منصفانہ انصاف کے حوالے سے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے ، ملک میں بجلی لانے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر نواز شریف کے خلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں جس پر پورے ملک کے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

شیخ قیصر محمود نے کہا کہ اس وقت میاں نواز شریف پاکستانی عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں جن کی مقبولیت کو ختم کرنا سازشی عناصر کے بس کی بات نہیں ہے ۔


اس موقع پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے چوہدری ارمغان سبحانی کی جانب سے سیالکوٹ میں کیے جانے والے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ارمغان سبحانی عوامی لیڈر ہیں لہٰذا انھیں عوام کے مسائل کا اندازہ ہے۔

سیالکوٹ میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے حلقے میں رتی برابر ترقیاتی کام نہ ہونے کی شکایت پر چوہدری ارمغان سبحانی نے یقین دہانی کرائی کہ اس سال نومبر سے مذکورہ حلقے میں بھی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز ہوجائے گا ، تقریب سیالکوٹ یونین کونسل کے چیئرمین صبور کسانہ اور ن لیگ اوورسیز کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا ۔

تازہ ترین