• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسلادھار بارشوں کے باعث گریٹر مانچسٹر سیلاب کی زد میں

کئی روز سے مسلسل موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے گریٹر مانچسٹر سیلاب کی زد میں آگیا ہے۔ سیلابی ریلوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں لوگوں کو فوری انخلا کی وارننگ دی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ سیلاب میں کئی کاریں پھنس جانے کی بھی اطلاع ہے۔ تیز طوفانی بارش اور ہوائوں کی وجہ سے لندن سے مانچسٹر نیشنل ریل سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ارول دریا میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے اورپانی کناروں سے باہر آکرسیلابی ریلے کی شکل اختیار کر رہا ہے مزید بارشوں کی وجہ سے بری، راچڈیل، رائن سٹال، ٹیم سائیڈ اور نارتھ مانچسٹر کے بری روڈ کے گرد و نواح کے علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوسکتا ہے۔

گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برہنم نے سیلاب کے پیش نظر فوری امداد بہم پہنچانے کا اعلان کیا ہے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

گریٹر مانچسٹر کے علاقے بری میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب طوفانی بارش کے باعث بری کونسل کے بیشتر علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

بری کونسل کے سیلاب سے نمٹنے والے اہلکاروں نے تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ بری 8ٹائون کے نزدیک سے گزرنے والے دریا ارول میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث قریبی بستیوں کو سیلابی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

برطانیہ کے بیشتر علاقے ان دنوں شدید بارشوں اور طوفان کی زد میں ہیں۔ بری کونسل نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کی ہوئی ہے۔

تازہ ترین