• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ کوئٹہ کے سب ایڈیٹر، شاعر و ادیب عرفان الحق صائم انتقال کر گئے

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) معروف شاعر و ادیب اور روز نامہ جنگ کوئٹہ کے سب ایڈیٹر عرفان الحق صائم انتقال کر گئے وہ کاشف عرفان ‘ گلریز عرفان ‘ جواد عرفان ‘ عادل خان ‘ احمد وقاص کاشی کے والد قاضی ایاز اور مرزا عامر محمود کے سسر تھے مرحوم کو کاسی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں مختلف سیاسی سماجی رہنمائوں، ادیبوں، شعراء اور سرکاری افسران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، فاتحہ خوانی اُن کی رہائشگاہ واقع وحدت کالونی کوارٹر نمبرG-40 تیسرا اسٹاپ بروری روڈ کوئٹہ میں ہوگی۔واضح رہے کہ مرحوم عرفان الحق صائم کئی دہائیوں سے صحافت اور ادب سے منسلک تھے ٹیلی ویژن اور ریڈیو کیلئے درجنوں ڈرامے بھی لکھے جبکہ کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے گزشتہ سال صوبائی حکومت نے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ایکسی لینس ایوارڈ سے بھی نوازا تھا، وہ سرکاری ملازمت سے بھی وابستہ رہے اور ڈسٹرکٹ رجسٹریشن آفس سے ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے، دریں اثنا روز نامہ جنگ کوئٹہ کے اسٹاف کا تعزیتی اجلاس ہوا جس میں مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔ درایں اثناءوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے عرفان الحق صائم کے انتقال پر دُکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے صحافت اورعلم وادب کے شعبوں میں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دُعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کواپنے جواررحمت میں جگہ دے اورسوگوارخاندان کو صبرجمیل عطاکرے۔پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند ‘ سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی ‘عبدالباری بڑیچ ‘ سردار خادم وردگ ‘ ڈاکٹر منیر بلوچ ‘ ملک منیر کاکڑ ‘ سابق سینیٹر خدائے نور ‘ قربان غرشین ‘ قاسم خان سوری ‘ بابر مرغزانی ‘ پیر بخش جاموٹ اور دیگر نے ممتاز شاعر و صحافی عرفان الحق صائم کی وفات پر تعزیت کی ہے۔ سیوت ادبی دیوان بلوچستان کی جانب سےعرفان الحق صائم کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے صحافت اور ادتب کے شعبے میں انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیاہے۔سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال‘ یحییٰ خان ناصر رکن اسمبلی رقیہ ہاشمی ‘ غلام رضا چنگیزی نے کہاکہ عرفان الحق صائم نےادبی اور صحافتی میدان میں قابل قدر کام کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مابت کاکا نے کہاکہ عرفان الحق صائم کی ادبی اورصحافتی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائے گا ۔اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی نےعرفان الحق صائم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کااظہارکیاہے۔
تازہ ترین