• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

س۔سر میرا نام مشال رحمن ہے اور میرا تعلق ایبٹ آباد خیبر پختون خوا سے ہے۔ میں نے بی ۔ایس جینیٹکس میں کیا ہے اور ایم ۔ایس بائیو ٹیکنالوجی حال ہی میں مکمل کیا ہے۔ مجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میں کہاں نوکری کروں جو کہ میرے مضمون سے مطابقت رکھتی ہو۔ بیرون ملک پی ایچ ڈی کی اسکالرشپ کیلئے کونسا مضمون رکھوں۔ میں آپ کاشکر گزار رہوں گا آپ کے بہتر مشورے کیلئے ۔ (مشال رحمن۔ایبٹ آباد)
ج۔ڈیئر مشال! مالیکیولر بیالوجی اور جینیٹکس ابھرتے ہوئے شعبے ہیں اور بائیو ٹیکنالوجی میں ٹاپ اپ ڈگری آپ کے کورس کے Combinationکو بہت مستحکم اور متاثر کن بنا دے گی۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں بہت سے اچھے مالکیولر بیالوجی اور بیالوجیکل سائنس میں تحقیق کے ادارے ہیں جو آپ کی خدمات حاصل کرنا چاہیں گے۔ آپ ایبٹ آباد میں بھی میڈیکل ا سکول اور یونیورسٹیوں کا حصہ بن سکتے ہیں۔ لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ اسلام آباد اور پاکستان میں کئی اور جگہوں پر اس سے زیادہ مواقع موجود ہیں۔
جہاں تک تحقیقی اسکالرشپ کی بات ہے تومیرے خیال سے اگر آپ کا GPA 3.5سے اوپر ہو تو آپ IELTS/TOEFLکر لیں تو شاید ہم آپ کو اسکالرشپ دلانے میں مدد دے سکیں۔
س۔میں نے اپنا بی ۔ایس سافٹ ویئر انجینئرنگ اسلام آباد کی ایک مشہور یونیورسٹی سے کیا ہے۔ میں ایم ایس کیلئے آسٹریلیا جانا چاہتا ہوں۔ کیا آپ مجھے بتا سکتے ہیں کہ میں بیرون ملک کونسی ڈگری کروں ۔ میں انجینئرنگ کے شعبے کےبجائے منیجمنٹ کی طرف جانا چاہتا ہوںکیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ میں شعبہ آئی۔ ٹی کی بجائے منیجمنٹ اور لیڈرشپ میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کرسکتا ہوں۔ اگر آپ مجھے میرے شعبے کے متعلق بہتر رہنمائی فرمائیں گے تو میں آپ کا بہت مشکور ہوں گا۔ (فیضان ۔ لاہور)
ج۔ڈیئر مسٹر فیضان ! کمپیوٹنگ سائنس اور خاص طور پر سافٹ ویئر انجینئرنگ کی کئی ذیلی شاخیں موجود ہیں اورمنیجمنٹ کے مضامین آئی ۔ ٹی کے شعبے کے ساتھ منسلک ہیں۔ البتہ اگر آپ پوسٹ گریجویٹ صرف منیجمنٹ میں کرنا چاہتے ہیں تو یقینا کرسکتے ہیںاور ایم ۔ ایس۔ سی پروجیکٹ منیجمنٹ، انٹرپرینیورشپ، انٹرنیشنل بزنس ،بزنس انفارمیشن منیجمنٹ وغیرہ آپ کو انتظامی پہلوئوں کے علم سے لیس کرے گا اور آج کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تجارت اور کامرس کے چیلنجوں کو سنبھالنے کی صلاحیتوں کو پورا کرے گا۔ آسٹریلیا میں بہت ساری معروف یونیورسٹیاں ہیں اوراوپر بیان کردہ تمام مضامین بھی آفر کرتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کا اچھا تعلیمی پروفائل ہے تو آپ کو جلد داخلہ مل جائے گا۔
س۔سر میں نے ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان سے بیچلر آف کمپیوٹر سائنس کی ڈگری حاصل کی ہے اور اب میں اپنے اس شعبے میں نوکری کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ میری رہنمائی فرمائیں کہ میں مستقبل میں کیا کروں؟ میں اس سے متعلق بہت پریشان ہوں۔
(ذوہیب صدیق۔کراچی)
ج۔ڈیئر مسٹر ذوہیب! سب سے پہلے تو میں آپ مشورہ دوں گا کہ آپ اپنے مضمون سے نا ہٹیں بیشک آپ کمپیوٹر سائنس میں دلچسپی نہیں رکھتے پھر بھی آپ آئی ٹی سے متعلق نوکری تلاش کریں۔ میں آپ کو مستقبل کے بارے میں مشورہ نہیں دے سکتا کیونکہ میں آپ کی تعلیمی قابلیت ، پسند نا پسند ،خاندانی پس منظر اور غیر نصابی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھنےکے بارے میں نہیں جانتا۔ آپ کے والدین اور اساتذہ وہ بہترین لوگ ہیں جو آپ کو اچھا مشورہ دے سکتے ہیں۔
س۔میں نے پری میڈیکل کا امتحان فرسٹ ڈویژن میں پاس کیاہے ۔براہِ مہربانی مجھے کسی اچھے کورس اور اچھی یونیورسٹی کے متعلق مشورہ دیجئے۔(قاسم۔ملتان)
ج۔ڈیئر قاسم! مجھے آپ کا سوال سمجھ میں نہیں آیا۔ اگر آپ نے میڈیکل میں اچھے نمبر لئے ہیں اور میڈیکل یونیورسٹی میں اینٹری ٹیسٹ پاس کر لیا ہے تو آپ کو ڈاکٹر بننا چاہئے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اس میں دلچسپی نہیں رکھتے تو آپ اسی فیلڈ کے دوسرے شعبے جیسے کہ بائیولوجیکل سائنسز(پری میڈیکل) میں مالیکیولر بیالوجی، مائیکروبیالوجی اور مائیکرو کیمسٹری میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین