• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Black Day Of Kashmiris Demonstration In Paris

مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مسلح افواج کے غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی۔

مظاہرین نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف گھنٹوں شدیدنعرے بازی کی ۔انہوں نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے اور کشمیر کے پر امن حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس موقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سیاح بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے پوسٹر دیکھ کر غم زدہ نظر آئے اور اپنے موبائیل فونوں کےذریعے فلم کشی کرتے رہے۔

اس طرح کشمیریوں کا یہ یوم سیاہ دنیا بھر میں ایک پیغام کی صورت میں پہنچے گا ، ایفل ٹاور کے سامنے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے اور بھارت مخالف نعروں پر مشتمل پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرے کی قیادت کرنے والے ممتاز کشمیری راہنماوں راجہ اشفاق احمد، زاہد ہاشمی،ذوالفقار عزیز، عمران رشید چوہدری ، چوہدری پاپا ریاض، نعیم چوہدری ، کامران بٹ، ذوالفقار چوہدری، اٹلی سے آئے ہوئے خالد خان، وسیم شیخ، سبط مزمل، شمروز خان، ناصرہ خان، روحی بانو، عارف مصطفائی، قاری فاروق و دیگر نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض نعیم چوہدری نے سر انجام دیے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے کشمیرکے ایک حصے پر طاقت کے زور پر قبضہ کیا جسے آج تک کشمیری عوام نے تسلیم نہیں کیا ۔

ستر سال سے کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا دائرہ اب دنیا بھر میں پھیل چکا ہے ۔

کشمیر اتنا بڑا تنازعہ ہے کہ جو کسی وقت بھی دنیا میں ایٹمی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے اگر اقوام عالم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے کشمیری قوم کا جمہوری ، اخلاقی، انسانی اور بنیادی حق تسلیم کیا اور انہیں استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا لیکن بد قسمتی سے آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، پر امن مظاہرین کو پیلٹ گنوں سے اندھا کر کے ان کی جمہوری جدوجہد کو کچلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

کشمیری قوم مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام عالم ان کے انسانی و بنیادی حقوق کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی مدد کرے۔

یورپ انسانی حقوق کے حوالے سے دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے اور کشمیری عوام امید رکھتے ہیں یورپی ممالک کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گئے۔

تازہ ترین