• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی انٹرنیشنل ٹریڈ فیئرمیں20ممالک کی دلچسپی

Karachi International Trade Take 20 Countries Interest

رپورٹ: فہد احمد,تصاویر محمد فہد عباسی
ملک میں بہتر سیکورٹی صورتحال اور حالات کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مضبوط و بہتر ہو رہی ہے اور غیرملکی سرمایہ کا ر یہاں سرمایہ لگانے میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔اس بات کا ثبوت کراچی میں ہو نے والا ’پاکستان انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر2017‘ کا کامیاب انعقاد ہے جس میں بیس ملکوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے شرکت کی اور اپنی پرو ڈکٹ نمائش کے لیے پیش کیں ۔

یہ نمائش ملکی معیشت کو آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گی ، ایکسپو سینٹر کراچی میں ہو نے والی نمائش تین روز تک جاری رہی۔ نمائش میں چین ، تھائی لینڈ ، ترکی ، انڈو نیشیا ، جاپان سمیت دنیا کے کئی ممالک کے سفارتکار ، نمائندے اور ان ممالک کی مصنوعات بھی مو جود تھیں۔


نمائش کا افتتاح صدر ممنون حسین نے کیا جس میں غیر ملکی سفارت کاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر، ٹی ڈیپ کے سربراہ ایس ایم منیر، سیف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور نمائش کے کنونیئر محمد حنیف گوہر کے علاوہ ممتاز تاجر رہنما بھی موجودتھےجبکہ شہر کی اہم شخصیات سمیت مختلف سیاسی و سماجی اور کاروباری رہنماؤں نے بھی نمائش دیکھی ۔

اس مو قع پر نمائش میں آنے والے شرکا کی خوشی دید نی تھی۔ وہ اس نمائش میں آکر فخر محسوس کر رہے تھے ۔ایک شہری بلا ل کا کہنا تھا کہ نمائش اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک بہتر ملک بن ہے اور پو ری دنیا کے سفارتکار ہمارے یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں جو بڑے فخر کی بات ہے‘۔

نمائش کو غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی پاکستان کے سنہرے مستقبل کے لئے خوش آئند قرار دیا ۔جاپانی سفارتخانے کی طرف سے لگائے گئے ایک اسٹال پر ان کے کارکن نے نمائندہ ‘جنگ کو بتا یا کہ ’’ ہم جاپانی ثقافت اور اس کے کلچرل کے فروغ کے لیے پاکستان میں کام کر رہے ہیں اور اس نمائش کے ذریعے لوگوں کو جاپان کی تہذیب و ثقافت کے بارے میں آگاہی دے کر ان کی معلومات میں اضافہ کر رہے ہیں ۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی لوگ محبت پسند ہیں ۔ یہاں آنے والے تمام لو گ احترام اورشائستگی سے بات کر رہے ہیں ، یہ ہمارے لیے حو صلہ افزا عمل ہے ۔

انڈونیشیا سے آئی ایک کمپنی کی نمائندہ خاتون بھی نمائش میں شرکت کرنے پر بہت خوش تھیں ۔ ان کے چہر ے سے عیاں تھا کہ وہ پا کستان آکر خوش ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیاء کے سرمایہ کار پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کا ری کرنے کے خواہشمند ہیں۔

نمائش میں بڑی تعداد میں عام لوگوں اور طلباو طالبات نے بھی شرکت کی۔ ایک نو جوان طالب علم کا کہنا تھاکہ میں نے پہلی باراس طرح کی نمائش میں شرکت کی ہے ۔ مختلف ممالک کی مختلف مصنوعات دیکھ کر میں بہت خو ش ہوں ۔ملکی ترقی کے پس منظر میں اس طرح کی نمائشیں ہوتی رہنی چاہئیں۔

تازہ ترین