• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلیٹ ڈیوس کرکٹ ٹورنامنٹ مارشیز کلب برطانیہ نے جیت لیا

Uk Cricket Club Won Elite Davis Cricket Tournament In Spain

ا سپین کے شہر مرثیہ کے نواحی علاقے’’ پیناتار سان پیدرو ‘‘ کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایلیٹ ڈیوس ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ مارشیز کرکٹ کلب برطانیہ نے جیت لیا ۔

فائنل میں مارشیز کلب نے کاتالونیا ٹائیگرز کلب بارسلونا کو میچ کی آخری گیند پر ایک رن بنا کرٹورنامنٹ 5وکٹوں سے جیت لیا ۔

مارشیز کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ، کاتالونیا ٹائیگرز کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 140رنز بناکر برطانوی کلب مارشیز کو میچ میں فتح کیلئے 141رنز کا ہدف دیا ۔

جواب میں مارشیز کلب نے مقررہ اوورز کی آخری گیند پرپانچ کھلاڑی کے نقصان پر 141رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹی20کرکٹ ٹورنا منٹ اپنے نام کر لیا ۔

مین آف دی میچ مبین راجہ ، بہترین باؤلر ناروے ٹیم کے ذیشان اور بہترین بلے باز مارشیز کلب کے حسنین علی قرار پائے ۔ اس ٹورنامنٹ میں برطانیہ ، ناروے اور اسپین کی کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا ۔

ٹورنامنٹ کے اختتام پر تمام کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جہاں تقسیم انعامات کی تقریب اور محفل موسیقی منعقد ہوئی ، ٹورنامنٹ کی ونر ٹرافی مارشیز کرکٹ کلب کے کپتان عامر خان اور رنر اپ ٹرافی کاتالونیا ٹائیگرز کرکٹ کلب بارسلوناکے کپتان حافظ سرور نے وصول کی ۔

انٹرنیشنل امپائر اسد روف اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی خصوصی طور پر ٹورنامنٹ میں شمولیت کے لئے پاکستان سے اسپین پہنچے تھے ،جنہوں نے اپنے دست مبارک سے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔

اس موقع پر ایلیٹ ڈیوس ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ لیگ کے چیئر مین سلیم یاسین آرگنائزرز ڈاکٹر گلفام ،وسیم طیب اور محمد خلیل نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپی ممالک یعنی فٹ بال کے گھر میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ہر سال ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

ایسے ایونٹس کا انعقاد ان ممالک کی نئی نسل اور یہاں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو کرکٹ کے مواقع فراہم کرناہےتاکہ وہ کرکٹ کھیل سکیں اور اس کھیل میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی لیں کیونکہ ایسی مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیاں ہمیں مقامی کمیونٹی کے نزدیک کر کے ہمارے بارے میں اچھا تاثر قائم کر سکتی ہیں ۔

تازہ ترین