• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایئر انڈیا بھی پی آئی اے کی طرح برس ہابرس سے نقصان میں جا رہی ہے ۔مودی سرکار نے بھی اُس کو فروخت کرنے کی کوشش کی مگر کانگریس نے اقلیت ہونے کے باوجود نہیں ہونے دی کہ یہ بھارت کی آن ہے ۔سری لنکاء ایئر کے 10بارہ سال پہلے تامل ٹائیگر نے ایک صبح کولمبو ایئر پورٹ پر کھڑے تمام جہاز اُڑا دیئے تھے ۔سرکار نے امارات سے جہاز لیز اور پارٹنر شپ کرکے سری لنکا ایئر کواپنے پائوں پر دوبارہ کھڑا کردیا مگر سری لنکا ایئر کو فروخت نہیں کیا ۔خود پی آئی اے نے دیگر ممالک کی ایئر لائنز بناکر دیں ۔آج وہ تمام کی تمام منافع بخش ائرلائنوں میں شمار ہوتی ہیں ۔پی آئی اے نے 25سال پہلے صرف 3جہاز امارات ائیرلائن کو لیز پر دیئے تھے اُس وقت ہمارے پاس 55بہترین جہاز تھے ان 3جہازوں سے ایمریٹس ایئر لائن نے یواے ای کی پہلی پرائیویٹ ایئر لائن کا درجہ حاصل کرکے آج 500جہازوں سے پوری دنیا کے روٹس تشکیل دے کرآج اپنے آپ کو دنیا کی 10بڑی ایئر لائنز میں شمار کرلیا ہے۔ ماضی میں پی پی پی کی حکومت نے پی آئی اے کی فروخت کی پوری کوشش کی تو مسلم لیگ ن کی حکومت نے اُس کی مخالفت کی اور فروخت نہیں ہونے دی۔پھر پی پی پی کے نامزد چیئر مین نے مختلف روٹس فروخت کردیئے تو مسلم لیگ ن کی یونین نے مزاحمت کرکے ہڑتال کروادی۔ یوں چیئر مین ،ایم ڈی کو مستعفی ہونا پڑا۔پھرجب سے مسلم لیگ ن کی حکومت آئی ہے وہ مسلسل پی آئی اے کو فروخت کرنے کی کوشش کرتی رہی ۔اب پی پی پی کی نامزد یونین اُس کو فروخت نہیں ہونے دے رہی ہے ۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ 20پچیس سال پہلے تک پی آئی اے منافع بخش ایئر لائنز میں شمار ہوتی تھی اُس وقت تک پی آئی اے کی اپنے ملازمین کی یونین تھی پھر اُس کے بعد یکے بعد دیگرے دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے جیالوں اور مسلم لیگیوں کو بھرتی کرکے اُن کی یونین بنوادی تواُس کا معیا ر ختم اور کرپشن کا راج ہوگیا ۔دونوں پارٹیاں نجکاری کرکے اپنی جیبیں بھرنا چاہتی ہیں ۔دونو ں کو معلوم ہے کہ پی آئی اے کی ملکیت میں اربوں ڈالرز کے ہوٹل ہیں ہم نے آج تک نیب ،ایف آئی اے یا احتساب ادارے سے یہ انکوائریاں نہیں کروائیں کہ کس کس نے پی آئی اے کو اندر سے کھوکھلا کرکے لوٹا اور کس کس کوسیاسی بنیادوں پر بھرتی کیا گیا اور کرپشن میں نکالے ہوئے ملازمین کو اپنی حکومت آنے کے بعد نہ صرف پھر بھرتی کیا بلکہ پچھلا معاوضہ بھی دلوایا گیا۔اور جب سے ہمارے سابق وزیراعظم نااہل ہوئے تو انہوں نے جان بوجھ کر نئے وزیراعظم جن کا تعلق بھی ائیر لائن سے ہے یہ ٹاسک دیا کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری کا عمل جاری رکھو۔ اور انہوں نے نجکاری کا نیا حربہ استعمال کیا کہ پی آئی اے کے ایک ایک پر توڑ ڈالوپہلے تو نااہل افراد کو بھرتی کرو۔جن کا سول ایوی ایشن سے کوئی تعلق ہی نہ ہو۔اور نئے سربراہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں جن کی سالانہ تنخواہ تین کروڑ ہے ان کے ماتحت قطر آئل کمپنی سے وابستہ تھے ان کی تنخواہ 20لاکھ ماہانہ ہے ان کے ماتحت ایک موبائل کمپنی سے وابستہ تھے ان کی تنخواہ 15لاکھ ہے تقریباً 1کروڑ ماہانہ پی آئی اے کو مزید تنخواہوں کا اضافی بوجھ ڈال کر مزید مقروض بنادیا گیا ۔ایک طرف ہوائی جہاز اور ادارے کو فعال کرنے کا کوئی تجربہ نہیں اور پھر انہوں نے آتے ہی 1961ء سے امریکہ کی پروازیں یک دم بندکردیں حالانکہ اگر ان کے روٹس بیچتے تو اربوں روپے میں یہ 108فلائٹس سالانہ لیز پر دی جاسکتی تھیں ۔ایک تو پی آئی اے کی ملکیت برقرار رہتی اور پھر سالانہ آمدنی بھی ہوتی اب امریکن سول ایوی ایشن کی مرضی ہوگی تو دوبارہ پی آئی اے کو حقوق دے یا نہ دے کیونکہ امریکن ائیرلائنز پاکستان سے اپنی فلائٹس بند کرچکی ہیں یہاں یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ ایک سال قبل بھی میاں صاحب نے ایک جرمن چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے میں لگایا تھا تو وہ کروڑوں کا چونا لگاکر ایک جہاز بھی ساتھ لے گیا جو اس کے استعمال میں ہے ۔پی آئی اے انتظامیہ اب تک کیوں خامو ش ہے اس کا جواب کسی کے پاس نہیں ہے ۔یاد رہے کہ جب پی آئی اے نے بہتر ین کمائی والے روٹس ترکش ائیر لائنز والوں کے ہاتھوں فروخت کئے تو اس وقت مسلم لیگ ن کے رہنمائوں بشمول میاں نواز شریف نے پارلیمنٹ کے باہر پی آئی اے کے ملازمین کے جلسے سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی زندگی میں کسی نے پی آئی اے کی طرف بُری نگاہوں سے دیکھا تو اُس کی آنکھیں نکال دی جائیں گی یہاں تک کہ انتظامیہ اور کارکنوں کے درمیان کشمکش ایک ماہ تک چلتی رہی اور آخر کار انتظامیہ نے ہتھیار ڈال دیئے تھے اور اُن روٹس کا معاہدہ منسوخ کرنا پڑاتھا۔ ہمارے ایک درجن سے زیادہ جہاز ناکارہ کرکے کراچی ایئر پورٹ پر کھڑے کردیئے گئے ہیں ۔پھر مہنگے داموں پر کمیشن کی آڑ میں نئے جہاز لیز کرائے جارہے ہیں ۔اور ایک دن سننے میں آجائے گا کہ ہم نے پی آئی اے جو کہ مسلسل خسارے میں جارہی تھی فروخت کرکے جان چھڑالی ہے یا پھر ائیر بلیو میں ضم کردی ہے ۔قوم کو یہ خوشخبری مبارک ہو۔یاد رہے کہ پی آئی اے کے بہترین ملازمین پی آئی اے سے گولڈن شیک ہینڈ لے کر آج دوسری ایئر لائنز میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس وقت پی آئی اے کے 50ہزار ملازمین اگر نکالے جائیں گے تو وہ کہاں جائیں گے یہ سوال سابق وزیراعظم میاں نواز شریف صاحب سے کریں جو کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟اگریہ نجکاری کامیاب ہوگئی تو اس کے بعد اسٹیل مل کی باری آئے گی۔

تازہ ترین