• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین:عمر رانجھا کے اعزاز میں ری پبلکن لیڈر ساجد تارڑ کا عشائیہ

Span Republican Leader Sajid Tarr In Honor Of Omar Ranjha

اسپین سے امریکا کے دورے پر گئے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صدر چوہدری عمر فاروق رانجھا کے اعزاز میں مسلم فار ٹرمپ مہم کے سربراہ اور ریپبلکن لیڈر ساجد تارڑ نے پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا ۔

عشائیہ تقریب میں چوہدری بشیر تارڑ، جسویندر سنگھ جسی، اسد حسین ،طارق محمود ، اعجاز احمد اور فہد حسین نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں امریکا کی سیاست، پاکستان کے موجودہ حالات اور امریکا کی پاکستان کے ساتھ ساتھ ایشیاء کے حوالے سے بنائی گئی پالیسیوں جیسے موضوعات زیربحث رہے۔

اس موقع پر ری بپلکن لیڈرز ساجد تارڑ اور بشیر احمد رانجھانے کہا کہ اس وقت گرتی ہوئی مقبولیت اور چیلنجز کے باوجود صدر ٹرمپ نہ صرف ری باؤنڈ کریں گے بلکہ وہ دوسری مدت کے لیے آئندہ انتخابات میں بھی صدرمنتخب ہوں گے۔

ان کے اعتماد کی وجہ روزگار کے مواقع سے متعلق پالیسیاں ہیں جو نہ صرف کاروباری حلقوں بلکہ ملازمت پیشہ طبقے کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صدر ٹرمپ کا غیر روایتی انداز بیرونی دُنیا میں بھی امریکی مفادات کے تحفظ میں کامیابیوں کا سبب بن رہا ہے،اس حوالے سے پاکستان کے متعلق اُمید اور نااُمیدی، دونوں طرح کے تاثرات کا ملا جُلا اظہار کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے سابق صدر چوہدری عمر فاروق رانجھا نے کہا ہے کہ ہم اپنی پارٹی کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہیں لیکن یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ پارٹی کی نظریاتی اساس ہے اور یہی وجہ پیپلزپارٹی کو دوبارہ سے عروج پر پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملکی اور سیاسی جماعتوں کے اندر شفافیت کے حامی ہیں اور پارٹی لائنوں سے ہٹ کر ملکی مفاد میں آواز اٹھانے کو ترجیح دیتے ہیں،پاکستان میں جمہوری کلچر کو پروان چڑھایا جانا چاہیے۔

چوہدری رانجھا نے امریکا کی سیاست میں ساجد تارڑ جیسی شخصیات کے کردار کو مثال بناتے ہوئے کہا کہ جس معاشرے کا بھی حصہ ہوں، وہاں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے جس کیلئے سیاسی عمل کا حصہ بننا بہت ضروری ہے۔

اس موقع پر ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ کے ساتھی جسویندر سنگھ جسی بھی ان کے ساتھ موجود تھے جنہوں نے مسلم فار ٹرمپ مہم میں بھرپور کردار ادا کیا تھا۔

ساجد تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران صدر ٹرمپ کے ساتھ وقتاً فوقتاً اپنی تعارفی نشستوں کے حوالے سے دلچسپ واقعات بھی بیان کئے۔

ری پبلکن رہنماچوہدری بشیر احمد رانجھا نے کہا کہ پاکستانی نژادامریکن کو امریکی سیاست میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ وہ امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے منشور کو پڑھیں اورسمجھیں تاکہ انہیں متوازن سوچ اختیارکرنے میں مدد ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں اور انتخابات کے ایجنڈے کے مطابق ووٹ کا فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ صحیح اور قابل اعتماد قیادت آئے۔

علاوہ ازیں نمائندہ جنگ سے بذریعہ فون گفتگو کرتے ہوئے ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ وہ عمر فاروق رانجھا کی دعوت پر بہت جلد اسپین کا دورہ کریں گے اور وہاں ہسپانوی ممبرز پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے وفود سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

تازہ ترین