• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہلی کیس،خواجہ آصف نے جواب جمع کرادیا،لارجربنچ کی تشکیل چیلنج

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسلام آبادہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے اقامہ کی بنیادپرنااہلی کے مقدمہ میں وفاقی وزیرخواجہ آصف کو تفصیلی جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 30نومبرتک ملتوی کر دی ہے،خواجہ آصف نے جواب جمع کرادیا،لارجربنچ کی تشکیل چیلنج کی گئی ہے،انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ بنچ تشکیل سے اپیل کے حق سے محروم کر دیاگیا،خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کے رہنماعثمان ڈار نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائرکررکھی ہے جس کی سماعت پیرکوجسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اورجسٹس محسن اخترکیانی پرمشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے کی۔

خواجہ آصف کی جانب سے لارجر بنچ کی تشکیل کیخلاف متفرق درخواست بھی دائر کی گئی تھی جبکہ پیرکو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب بھی جمع کرادیاگیاہے جس میں لارجر بنچ کی تشکیل چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیارکیاگیا کہ درخواست گزار نے عدالت سے تمام حقائق چھپائے،خواجہ آصف کا جواب سات صفحات پر مشتمل ہے جس میں موقف اختیار کیا گیاکہ 18 ستمبر کو عدالت نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا کہااور 26 ستمبر کوبنچ نے سماعت کر کے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا،لارجربنچ کی تشکیل سے انہیں کورٹ اپیل کے حق سے محروم کر دیاگیا،درخواست میں مزید کہا گیاکہ درخواست گزار (عثمان ڈار)خواجہ آصف کی بطور رکن اسمبلی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ تک تمام فورم استعمال کرچکا ہے۔

دوران سماعت خواجہ آصف کے وکیل نے متفرق درخواست پر بحث کرنے کی بجائے تفصیلی جواب داخل کرنے کیلئے مہلت طلب کر لی۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔عدالت نے کوئی نمائندہ پیش نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کو دوبارہ نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

تازہ ترین