• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردار یوسف کی اسلام آباد میں دھرنے کے خاتمے کی اپیل

Sardar Yousuf Appeals To End Islamabad Dharna

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کو ختم کرنے کی اپیل کردیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ تمام مسلمانوں کا ختم نبوت پر پختہ ایمان ہے، حلف نامے میں کی گئی غلطی کا فوراً نوٹس لے کر اسے دور کردیا گیا، کسی کو اب بھی کوئی شک و شبہ ہے تو آکر بات کرلے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے سے عوام کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں اور وہاں معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ معمولات زندگی کو بحال کردیا جائے۔

واضح رہے کہ فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی و سیاسی جماعت نے 9 دن سے دھرنا دیا ہوا ہے،مظاہرین نے وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

دھرنے کے باعث ایک ہفتے سے فیض آباد فلائی اوور بند ہے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ کے علاوہ خیبر پختونخوا کو ملانے والی کئی شاہراہیں بند ہیں، جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے۔

مظاہرین کے خلاف اقدام قتل، کار سرکار میں مداخلت اور نفرت انگیز تقاریر کے الزامات کے تحت 9 مقدمات بھی درج ہیں۔

کنٹینرز مختلف جگہوں پر کھڑے ہونے کی وجہ سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، موبائل فون سگنلز بھی بند ہیں، اس صورت حال کے سبب خواتین، طلبہ اور ڈیوٹی پر جانے حضرات سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین