• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے جلد حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، عبدالباسط

Peace Process Is Not Possible In The Region Without The Quick Solution Of Kashmir Abdul Basit

بھارت میں پاکستان کےسابق سفیر عبد الباسط کاکہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے جلد اور منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، پاکستان بھارت کےساتھ بات چیت چاہتا ہے ، بھارت کوسنجیدگی دکھاناہوگی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی دفاع مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ سی پیک خطے کیلئے بڑا گیم چینجر ہے،پاکستان کی خارجہ پالیسی تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ ہے،بھارت خطے کو عدم استحکام سے دو چار کر رہا ہے،پاکستان خطے میں اسلحہ اور جوہری دوڑ کےخلاف ہے۔

اسلام آباد میں جنوبی ایشیاء کی علاقائی جہتوں سے متعلق سیمینارسے خطاب میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹرمشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارت امریکا لاجسٹکس سپورٹ معاہدے نے خطے کو مشکلات میں ڈال دیا، امریکا، بھارت آسٹریلیا کا گٹھ جوڑ چین اور روس کو محدود کرنے کے لیے ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کاکہناتھاکہ پاکستان افغانستان میں عدم استحکا م کی بھاری قیمت چکا رہاہے، امن کیلئے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، دفاع سے غافل نہیں، بھارت سی پیک کےخلاف سازشیں کررہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے بہتر تعلقات کا راستہ صرف کشمیر سے ہو کر گزرتاہے، اس میں کوئی بائی پاس نہیں، سی پیک کے خلاف ہر سطح پر سازش کی جارہی ہے، ’را‘ نے 2015ء میں پانچ سوملین ڈالرز خرچ کرکے سی پیک کونقصان پہنچانے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا۔

جنرل زبیر محمود حیات نے مزید کہا کہ بھارت ٹی ٹی پی، بلوچ علیحدگی پسندوں اور ’را‘ کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، کلبھوش جادیو کی گرفتاری بھارتی دخل اندازی کی زندہ مثال ہے،بھارت خطے میں امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف جنرل اسٹاف کمیٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن چاہتا ہے تاہم کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم اور پاکستان کی طرف جنگی ہیجان واضح ہے،مسئلہ کشمیر جوہری جنگ کاپیش خیمہ ہے۔

تازہ ترین