• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کیلئے 10 سال کا خصوصی پیکیج، انتخابات اگست میں، حکومت مدت پوری کرے گی، وزیراعظم عباسی

Todays Print

کوئٹہ (نمائندہ جنگ؍ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر 10 سالہ خصوصی پیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکیج میں تعلیم، صحت، گیس، بجلی اور پینے کے پانی کے منصوبے شامل ہونگے اور بلوچستان کے عوام کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیںگی جو ملک کے دوسرے حصوں کے عوام کو حاصل ہیں، یہ 10 برس کا منصوبہ ہوگا جس کا اسی سال آغاز کردیا جائے گا ، پیکیج پر عمل درآمد کیلئے نصف فنڈز وفاقی حکومت اور نصف صوبائی حکومت دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت جون 2018 میں اپنی مدت پوری کرئے گی جس کے دو ماہ بعداگست میں انتخابات ہوں گے، ملک میں ہمیشہ جمہوریت چلتی رہے گی، حکمرانی آئین کے مطابق ہوتی ہے اور ہمیشہ قانون کی بالا دستی ہونی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ کےایک روزہ دورئے کے اختتام پر اسلام آباد روانگی سے قبل گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری، وفاقی وزراء لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ، میر دوستین ڈومکی، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر، سینیٹر آغا شاہزیب درانی اور صوبائی مشیر سردار درمحمد ناصر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئٹہ کے دورے کا مقصد صوبے میں امن و امان اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں سی پیک سمیت وفاقی حکومت کے جاری 80 ارب روپے کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا ، انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ایل پی جی گیس کی سہولیات فراہم کیلئے20 ارب روپے کی لاگت سے پلانٹ لگاے جارہے ہیں۔

تازہ ترین