• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن کی سرد شام میں سائرہ پیٹر کی دلوں کو گرما دینے والی پرفارمنس

Saira Peter Perform A Cold Evening In London

لندن کی ہلکی ہلکی سرد اور سرمئی شام ۔۔۔شہر کا مشہور ہال، لوگوں کا رش اور گفتگو سے پھوٹتی گرماہٹ۔۔ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ مجھے ماحول میں گرمی لگتی لیکن میں کسی پتے کی طرح کانپ رہی تھی ۔۔ اور جب مجھے پرفارمنس کے لئے پکارا گیا تو جسم میں ایک سرد لہر سی اٹھتی چلی گئی۔ ۔

اور یہ سب اس لئے تھا کہ ہال میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی نقاب کشائی جیسا اہم موقع تھا اور مجھے پرفارم کرنا تھا ۔ میرے لئے اس سے بڑا لمحہ ، سب سے بڑا اعزاز اور سب سے بڑی عزت افزائی کا موقع اور کونسا ہوتا کہ ایک جانب قائد اعظم محمد علی جناح کاہونے ہونے مسکراتا مجسمہ تھا تودوسری جانب لندن کے مئیر صادق خان جنہوں نے مجسمے کی نقاب کشائی کی تھی اور ہال میں موجود دیگر انتہائی اہم اور مشہور شخصیات تھیں ۔

مجھے تو یوں ہی لگ رہا تھا کہ جیسے مجسمہ نہ ہو بانی پاکستان جیتے جاگتے روپ میں بذات خود موجود ہوں۔ ۔۔ یہی سب محسوس کرکے ہی مجھ پر کپکپی چڑھی ہوئی تھی۔ ‘

ان خیالات اور دلی جذبات کا اظہار پاکستانی نژاد برطانوی گلوکارہ سائرہ پیٹر نے جنگ سے خصوصی گفتگو میں کیا ۔

ا س پروقار تقریب کا اہتمام ہائی کمیشن پاکستان کی جانب سے کیا گیاتھا۔سائرہ پیٹر پاکستان کی پہلی اوپرا سنگر ہیں جنہیں اس تقریب میں آواز کا جادو جگانے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیاتھا۔

بانی پاکستان کا مجسمہ ’لنکز ان‘ میں رکھا جائے گا جہاں سے آپ نے وکالت کی تعلیم حاصل کی تھی۔ مجسمہ برطانوی فلپ جیکسن نے بنایا ہے۔

گلوکارہ سارہ پیٹر نے بتایا ’ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں نے اتنی اہم اور غیر معمولی تقریب میں قائد اعظم کو اپنے سروں اور ملی نغموں کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔‘

انہوں نے مزید بتایا ’’ اس موقع پر’’ اتنے بڑے جیون ساگر میں تو نے پاکستان دیا‘‘ کو بے حد پزیرائی حاصل ہوئی اور جب میں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی اور بلھے شاہ کا صوفیانہ کلام پیش کیا تو تقریب میں شریک اہم شخصیات بھی جھوم جھوم اٹھیں۔

اس سے قبل 14 اگست 2017 کو لندن میں قائم پاکستان ایمبیسی میں سائرہ پیٹر کے نغمے ’’اے سرزمین پاکستان‘‘ کی بھی شاندار انداز میں تعارفی تقریب ہوچکی ہے۔

اس نغمے کی موسیقی،شاعری اور ویڈیوز کا تخیل سائرہ پیٹر کا اپنا تھا۔ سب سے اہم بات یہ تھی کہ ’’اے سرزمین‘‘ کی ویڈیو میں پاکستان کے قومی ہیروز کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

سائرہ نے سندھ کے صوفی بزرگ شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام کو انگریزی اور اوپیرا موسیقی میں تبدیل کرکے دنیا بھر میں پیش کیا۔

وہ اپنے فن موسیقی اور مختلف راگوں کی وجہ سے لندن کے ثقافتی منظرنامے پر چھا ئی ہوئی ہیں۔

رائل البرٹ ہال‘لندن میں آئندہ ماہ وہ تقریباً دوسو برطانوی موسیقاروں کے ساتھ اوپیرا شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام پیش کریں گی۔

تازہ ترین