• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سب استعفیٰ دیدیں تو بھی عمران کی باری نہیں آئے گی ، احسن اقبال

If Resign All Are Imrans Turn Will Not Come Ahsan Iqbal

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ختم نبوت کوئی مسئلہ ہی نہیں ،یہ تو قوم بہت پہلے طے کرچکی ہے ،دھرنا ختم ہونے پر عمران خان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا تھاکہ یہ کیسے ہوگیا۔

عمران خان کو جواب دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کا دھرنا ختم ہونے پر قوم نے شکرانے کے سو سو نفل پڑھے تھے ،حقیقت یہ ہے کہ پورا پاکستان بھی استعفا دیدے تو بھی عمران خان کی باری نہیں آئے گی ۔

احسن اقبال کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نےدھرنے کے دوران چینلز کی بندش پر احتجاج کیا ،جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے اس حکومتی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ 2013ء میں پاکستان کی معیشت جامد تھی ، اس کے بعد جس تیزی سے ملک نے ترقی کی اس سے دشمنوں کی نیندیں اڑ گئیں،اگر پاناما ڈرامہ نہ کھیلا جاتا تو ہم 6 اعشاریہ2 جی ڈی پی کا ہدف با آسانی حاصل کرلیتے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے یہ بھی کہا کہ دشمن اس ترقی کو روکنے کے لیے مختلف سازش کر رہا ہے،ہمیں عمران خان سے سند نہیں لینی،20 کروڑ عوام سے لینی ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ اس دھرنے کے اندر جو اقدام اٹھایا ،سول اور عسکری قیادت نے مل کر اٹھایا،ہمارے پاس دھرنے کا دورانیہ بڑھنے پر تخریب کاری کا خدشہ بڑھنے کی اطلاعات تھیں، صورتحال کو سب نے مل کر درست کیا ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان صاحب کی جماعت اس الیکشن ایکٹ کا حصہ تھی، جس پر وہ تقریر کر رہے تھے،اگر اس ایکٹ کے پیچھے کوئی انٹرنیشنل لابی تھی،تو پھر آپ اس میں ملوث تھے،ان کے استاد شیخ رشید بھی اس کمیٹی کا حصہ تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے2014ء میں گھناونا کھیل کھیلا ،وہ ہماری حکومت نہیں ملک کو ناکام بنارہے اور پاکستان کا امیج دنیا میں خراب کررہے ہیں ، عمران خان کا مسئلہ یہ ہےکہ عوام نے انہیں 2013ء میں وزیر اعظم منتخب نہیں کیا ۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے 2016ء میں بھی ایک اور کوشش کی،لوگوں نے آپ کی اپیل پر کان نہیں دھرا،اگر لاک ڈاون کی عوام نے آپ کی اپیل نہیں سنی تو ہمارا کیا قصور ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھاکہ سیاست کے میدان کا فسادی بابا تیلی لے کر ہر جگہ آگ لگانے پہنچ جاتا ہے،پی ٹی آئی نے الیکشن ایکٹ کے درمیان کوئی تجویز کوئی اختلاف نہیں کیا،عمران خان آپ قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، قوم ان باتوں میں نہیں آئے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آپ کس چہرے کے ساتھ لوگوں کو یہ کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف نے کسی کو خوش کرنے کے لیے یہ کیا، آپ ابھی تک نواز شریف کے خوف سے باہر نہیں نکلے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان آپ سے سوال کرتا ہوں کہ کے پی میں آپ نے کرپشن ختم کرنے کے لیے کیا کیا، جنرل مشرف نے کرپشن کے خلاف ہونے کا ڈرامہ کرکے اپنی چھتری کے نیچے کرپشن کے مگرمچھ جمع کرلیے تھے۔

تازہ ترین