• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمگیر شیخ انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے رکن نامزد

Alamgir Shaikh Nominated Member Of International Billiards And Snooker Federation

ایشین اسنوکر فیڈریشن نے عالمگیر شیخ کو انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کا بورڈ ممبر نامزد کردیا ہے۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر کے کوچیئرمین اور سابق صدر عالمگیر شیخ اب سات رکنی عالمی باڈی میں ایشیا کی نمائندگی کریں گے۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے عالمگیر شیخ نے بتایا کہ دوحا قطر میں ہونے والے اجلاس میں ایشین اسنوکر نے مجھے ورلڈ اسنوکر کا بورڈ ممبر جبکہ منور حسین شیخ کو ایشین اسنوکر کا قانونی مشیر نامز دکیا ہے۔

یہ دونوں عہدے پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی بی ایس ایف کے بورڈ ممبر کی حیثیت سے اپنی تمام توانائیاں پاکستان اسنوکر کی سربلندی کیلئے صرف کروں گا۔

یاد رہے کہ انھوں نے اپنی آٹھ سالہ صدارت میں پاکستانی اسنوکر کو جتنی ترقی دی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ایشین اسنوکر کے اجلاس میں پاکستان اسنوکر اکیڈمی شروع کرنے اور غیرملکی کوچز کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت ہوئی جس کا انہوں نے مثبت جواب دیا اور عنقریب غیرملکی کوچز کو پاکستان بھیجا جائے گا۔

2018 ء میں عالمی ایونٹس کیلئے بولی دے سکتے تھے لیکن ملکی حالات کے باعث ہم نے تھوڑا صبر کیا ہے اب انشاء 2019 ء میں امکان ہے حالات مزید بہتر ہوں گے تو ہم ورلڈ، ایشین اور دیگر ایونٹس کیلئے بولی دیں گے۔

ہم نے ماضی میں انٹرنیشنل ایونٹس بہتر انداز میں منعقد کئے ہیں اس لئے امید ہے ورلڈ اسنوکر اور ایشین اسنوکر ہمیں عالمی مقابلوں کی میزبانی دے گا۔

تازہ ترین