• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے صلح کراسکتا ہوں، پاکستان کا معاشی مستقبل روشن ہے، مئیر لندن صادق خان

Todays Print

لاہور (نمائندہ جنگ؍جنگ نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی شہری اور برطانیہ کے شہر لندن کے میئر صادق خان نے پیشکش کی ہے کہ بھارت سے صلح کراسکتا ہوں، بہت سے بھارتی بھی پاکستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور کرکٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے جبکہ برطانیہ کو نوآبادتی دور کی زیادتیوں پر معافی مانگنی چاہیے،پاکستان سے محبت اور درپیش چیلنجز سے آگاہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لندن اور پاکستان کے بڑے شہروں کے درمیان تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں، پاکستان لندن سمیت دنیا بھرکی معیشت میں بہتر جگہ پاسکتا ہے اور پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ لندن کے میئر صادق خان واہگہ بارڈر کے ذریعے گزشتہ روز بھارت سے لاہور پہنچے جہاں ان کا پنجاب حکومت کے اراکین کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ میئر لندن صادق خان نے سرمایہ کاروں کے وفد کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ لندن میئر صادق خان پاکستان میں اپنے دورے کے دوران اسلام آباد اور آج کراچی کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےملاقات میں کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات تاریخی، دوستانہ اور کئی دہائیوں پر محیط ہیں، سی پیک کے منصوبوں میں برطانوی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہیں گے، دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ پوری قوم کا عزم ہے۔ وزیراعلیٰ نےکہا کہ پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستانیوں کی بڑی تعداد لندن میں مقیم ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ برطانیہ کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے پنجاب میں تعلیم ،صحت اور اسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں نمایاں کام ہوا ہے، ہم برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مئیر لندن صادق خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن اور لاہور کے مابین تعلقات بہت اچھے ہیں اور ہم لاہور کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کوبڑھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بہت اپنائیت دی ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ملکر کام کریں گے۔ شہباز شریف نے مئیر کے لندن اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، لندن کے ڈپٹی میئربرائے بزنس راجیش اگروال اور برطانوی حکام و سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لاہور کے الحمرا ہال میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر صادق خان نے کہا کہ پاکستانی ہنر مندوں کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کیے جاتے ہیں اور پاکستان لندن سمیت دنیا بھرکی معیشت میں بہتر جگہ پا سکتا ہے۔ بطور میئر لندن پاکستان آنے پر خوشی اور فخر ہے جس شاندار طریقے سے لاہور میں استقبال کیا گیا اس پر سب کا مشکور ہوں۔ میئر لندن نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرتا ہوں اور اس کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہوں، معاشی میدان میں پاکستان کی ترقی قابل ستائش ہے اور پاکستان برطانیہ سمیت دنیا بھر کی معیشت میں بہتر مقام بنا سکتا ہے۔ صادق خان نے کہا کہ لندن میں دنیا بھر کی قومیں آباد ہیں جب کہ رواں سال لندن میں دہشت گردی کے 4 واقعات پیش آئے، دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستانیوں کے لیے پیغام لایا ہوں کہ لندن میں کاروبار کے بہت مواقع ہیں، مستقبل میں پاکستان اور لندن کے درمیان بہترین تجارتی روابط قائم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے فائدہ نہ اٹھانے والے ملک غلطی پر ہیں۔ میئر لندن نے مزید کہا کہ عمران خان نے انتخابی مہم میں میری مخالفت کی اور یہ ایک جمہوری طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جیتنے کے لیے لڑا اور جیت میرا مقدر بنی، لندن کے عوام نے نفرت اور تقسیم کرنے کے عمل کو مسترد کیا۔خیال رہے کہ صادق خان لندن کے پہلے میئر ہیں جنہوں نے سرکاری طور پر پاکستان کا دورہ کیا۔ صادق خان کا بھارت اور پاکستان کا دورہ ʼلندن از اوپن (لندن کھلا ہے) مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد لندن میں سرمایہ کاری اور تجارت کے ساتھ ساتھ اس کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔

تازہ ترین