• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت کی نااہلی،300 سے زائد اتائی ڈاکٹر فعال، شہری غیرمعیاری دوائوں کےا ستعمال سے متعدد بیماریوں میں مبتلا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) محکمہ صحت کی نااہلی‘ شہر میں اتا ئی ڈاکٹروں کی بھرمار،شہر کے مختلف علاقوں میں شہری300سے زائد جعلی ڈاکٹروں کے ہاتھوں غیر معیاری ادویات کے استعمال سے ہیپائٹس سمیت دیگر بیماریوںمیں مبتلا، جبکہ متعدد اموات کے واقعات بھی رونماءہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے پسماندہ اور اطراف کے علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار نے شہر میں صحت کے پیچیدہ مسائل پیدا کردیئے ہیں، جگہ جگہ کلینک کھول کر شہریوں کوغیرمعیاری دوائیں دی جارہی ہیں ، محکمہ صحت کے ذمہ دارافسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔شہر کے پسماندہ علاقوں گجراتی پاڑا، ٹنڈو یوسف، پھلیلی، پریٹ آباد، اسلام آبادپھاٹک، رحمان ٹاؤن، نورانی بستی، حسینی چوک، محبوب ٹاؤن، دال پاڑا، محمدی چوک سمیت امانی شاہ کالونی، زیل کالونی، فرنٹیئرکالونی، شاہ لطیف کالونی سمیت درجنوں علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں کی بھر مار ہے جہاں مزدورطبقہ، غریب اور متوسط افراد جعلی ڈاکٹروں کے ہاتھوں اپنی زندگی کے سودے کرنے پرمجبورہیں، حالیہ مردم شماری کے اعداد شمار کے مطابق شہر کی آبادی 21لاکھ سے زائد ہے، نصف آبادی متوسط طبقہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ایک اندازے کے مطابق شہرمیں 300سے زائد اتائی ڈاکٹر پرائیویٹ کلینک چلارہے ہیں جن کے پاس پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کاؤنسل کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے، پریٹ آباد ‘پھلیلی اورسائیٹ ایریا میں قائم کلینکس پر متعدد اموات اتائی ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہوچکی ہیں، جنگ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر احمد حیدرسے رابطہ کیاگیا تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔
تازہ ترین