• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کے تحت ایئر ٹیک کانفرنس، ایئرچیف کی شرکت

ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام ائیر ٹیک کانفرنس اور ٹیکنو شو کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

ائیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائز امیر بھی اس موقع پر موجود تھے، کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں مقررین نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری نوجوان نسل میں بہت صلاحیتیں ہیں جس کی بدولت ہمارا مستقبل تابناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کوصرف بھرپور راہنمائی کی ضرورت ہے،پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ انتہائی جرأت اورحوصلے سے لڑی ہے اور اس جنگ میں بے حد قربانیاں دی ہیں۔

ائیر چیف نے کہا کہ جس کی وجہ سے ملک سے اس عفریت کا خاتمہ یقینی ہواہے،پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔

انہوں نے JF-17 تھنڈر کو قومی وقار کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ خودانحصاری کا سفر جاری رکھے گی تاکہ ہماری دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو سکے۔

چار روزہ کانفرنس میں 100 کے قریب درسگاہوں سے تقریباً تین ہزار طلباء و طالبات سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق اپنے پروجیکٹس متعارف کرائیں گے۔

کانفرنس میں 26 مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گاجن میں فوٹوگرافی، ائیرو ماڈلنگ، ائیر ٹیکنو شو اور روبوٹکس وغیرہ شامل ہیں ۔

کانفرنس کا مقصد ملک میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ہونہار پاکستانی طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو قومی اور عالمی سطح پر روشناس کرانا ہے۔

تقریب کے اختتامی روز تکنیکی نمائش اور F-9 پارک میں ریڈیو کنٹرولڈ ائیرو ماڈلز کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین