• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگز کپ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ :پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ روانہ

Kings Cup Sepak Takraw Championship Pakistan Team Left For Thailand

تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں شروع ہونے والی 32 ویں کنگز کپ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی 24رکنی ٹیم ایونٹ ہیڈڈاکٹر عارف حفیظ کی قیادت میں ہفتے کی صبح کراچی سے بنکاک روانہ ہوگئی۔

Dr.-Arif-Hafeez-222

پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں مختلف ایونٹس میں شرکت کریں گی۔ چیمپئن شپ کا آغاز پیر 11 نومبر سے بینکاک کے فیشن آئی لینڈ میں ہوگاجس میں دنیا کی 35 سے زائد ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

میزبان تھائی لینڈکی ٹیم چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔چیمپئن شپ کے آغاز سے قبل اتوارکو بنکاک میں منیجرز میٹنگ ہوگی جس میں مقابلوں کے ڈراز نکالیں جائیں گے اور میچوں کے شیڈول سے ٹیموں کو آگاہ کیا جائے گا۔

پاکستان کی مردوں کی ٹیمیں چیمپئن شپ کے چار ایونٹس ہوپ،ڈبل، ریگو اور ٹیم ایونٹ جبکہ خواتین کی ٹیمیں تین ایونٹس ریگو، ڈبلز اور ٹیم ایونٹس میںشرکت کریں گی۔ پاکستانی ٹیم کے منیجر عارف وحید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مینز اور ویمنز کی ٹیمیں بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ڈاکٹر عارف نے کہا کہ چیمپئن شپ میں روانگی سے قبل گزشتہ چھ سات ماہ سے کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ لی ہے۔ امید ہے چیمپئن شپ کے مختلف ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ سیپک ٹاکرا چونکہ تھائی لینڈ کا اپنا کھیل ہے اور دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے قریبی ممالک بھارت ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور دیگر ٹیموں نے اس کھیل کو فوکس کیا اور ان کی حکومتیں بھی کھیل کو سپورٹ کررہی ہیںجس کی وجہ سے وہاں یہ کھیل پاکستان کی بہ نسبت زیادہ کھیلا جارہا ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی جانب سے ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو اسپانسر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبائی اور وفاقی وزارت ، اس کھیل کو مکمل سپورٹ کرے تو یہ پاکستان کا مقبول ترین کھیل بن جائے گا۔

تازہ ترین