• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیزپاکستانیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، چوہدری قمراقبال

Overseas Pakistanis Be Provided With Security Chaudhary Qamar Iqbal

پاکستان میں اوورسیزپاکستانیوں کے جان و املاک کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے باہر رہنے والے ان پاکستانیوں کے حوصلے بلند ہوں اور وہ ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اپنے تین ہفتے کے دورہ پاکستان سے واپسی پر اوسلو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چوہدری قمراقبال نے کہاکہ انہوں نے اپنے پاکستان میں قیام کے دوران پاکستان کے اعلیٰ حکام کے گوش گزار یہ بات کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے آبائی وطن پاکستان میں متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ یورپ بشمول ناروے میں رہنے والے سترفیصد پاکستانیوں کا تعلق پنجاب کے علاقے گجرات سے ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے خاص طور پر ضلع گجرات کے سیاسی زعماء سے بھی اس سلسلے میں بات کی ہے۔

چوہدری قمراقبال نے کہا کہ سیکیورٹی کے مسائل سمیت پاکستان کی موجودہ صورتحال اور اکثر اوقات حکام کی طرف سے ناروا سلوک کی وجہ سے ناروے میں رہنے والی پاکستانیون کی نئی نسل کے پاکستان آنے کے رحجان میں کمی واقع ہوئی ہے، یورپی پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں رہنے والے ان کے عزیز و اقارب کو بھی تحفظ حاصل نہیں، ان کی جائیدادوں پر قبضے کئے جارہے ہیں اور انہیں ہراساں کیا جاتاہے۔

چیئرمین پاکستان یونین ناروے کے بقول پاکستانی حکام نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ سمندرپار پاکستانیوں کے پاکستان میں مفادات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے۔

پاکستان یونین ناروے، ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے متحرک سماجی تنظیم ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت نارویجن پاکستانیوں کے لیے سماجی خدمات انجام دیتی ہے۔

ناروے کے علاوہ یونین پاکستان میں بھی اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے نارویجن پاکستانیوں کے آبائی علاقوں میں مسائل کو حل کرنے میں کوشاں رہتی ہے، حالیہ دنوں پاکستان یونین ناروے کی کوششوں سےمحکمہ لائیوسٹاک نے تحصیل کھاریاں کے علاقے پنجن شاھانہ کے لیے ویٹرنری اسپتال کی منظوری دی گئی جس پر ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لاگت آئے گ۔

اس کے علاوہ اسی علاقے میں 82لاکھ روپے گرلز پرائمری سکول کو مڈل سکول کی سطح پر ترقی دینے میں خرچ کئے جائیں گے، اس سلسلے میں گذشتہ دنوں علاقے میں ایک پروقار تقریب ہوئی جس سے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال، پنجاب اسمبلی کے رکن میاں طارق، ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹررانا واجد ارشد خان اور دیگرشخصیات نے خطاب کیا۔

چوہدری قمراقبال نے علاقے کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے میاں طارق کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے اس موقع پر بھی اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اٹھایا۔

ایم پی اے میاں طارق نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اعلیٰ حکام کے سامنے یہ مسائل اٹھائیں گے، خاص طورپر گجرات کی سطح پر وہ مقامی انتظامیہ اور پولیس کے سربراہ سے بات کریں گے تاکہ ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔

علاقے کی معزز شخصیات پیر سید اسلم شاہ، زاہد اصغرنمبردار، غلام احمد نمبردار، ڈاکٹر محمد طفیل، زاہد حسین، الطاف طاہر اور دیگرنے تقریب کے دوران میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔

اس موقع پر پاکستانی پرچم کے رنگوں سے مزئین پگڑی ایم پی اے میاں طارق کے سر پر رکھی گئی، پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے پاکستان میں اپنے حالیہ قیام کے دوران لاہور اور ملتان کا بھی دورہ کیا۔

تازہ ترین