• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
We Are Failed To Achieve Goals Even After Getting Mandate Shamim Siddiqui

ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اظہار کرنے والے سابق وفاقی وزیر شمیم صدیقی کا کہنا ہے کہ مہاجر قوم نے ایم کیو ایم کو بہت بڑا مینڈیٹ دیا مگر افسوس کہ جس وجہ سے ایم کیو ایم کا وجود عمل میں آیا ہم اپنے 30سالہ دوراقتدار میں وہ کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

یہ بات انہوں نے امریکا کے شہر ہیوسٹن میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ وہ 2013سے ایم کیو ایم میں غیر فعال تھے اس لیے اب انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اخلاقی طور پر بھی ایم کیو ایم سے علیحدہ ہو جائیں اس لیے انہوں نے ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار کہا کہ آپ لوگوں کو نہ مروائیں لیکن وہ ہماری بات سننے کیلئے ہی تیار نہیں تھے اس لیے میں نے تمام سرگرمیوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔

شمیم صدیقی نے کہا کہ قوم کو کہا گیا کہ گیدڑ کی100سالہ زندگی سے شیر کی ایک دن کی زندگی بہتر ہےاس لئے شہدا کی قبروں پر جائیں ،جس کے بعد دنیا نے دیکھا کہ خواتین کی کتنی تذلیل کی گئی ،عورتوں کو اٹھا کر لے جایا گیا، بچوں تک کو نہیں بخشا گیا،اس کی ساری وجوہات بانی قائد کا وہ بیان تھا جس کے نتیجہ میں یہ سب کچھ ہوا۔

شمیم صدیقی نے کہا کہ ہم نے بہت سمجھایا کہ قوم کو نہ مروائیں بلکہ بچانے کی کوشش کریں مگر وہ سننے کیلئے تیار نہیں، اس لیے اب میں نے ایم کیو ایم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ہمیں بہت بڑا مینڈیٹ دیا جبکہ ہمارے پاس بہت بڑی سیاسی فورس موجود تھی مگر ہمیں افسوس ہے کہ ہم اس ٹارگٹ کو جس کی بنیاد پر ایم کیو ایم کا وجود قائم ہوا تھا وہ حاصل نہ کر سکے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے نتیجہ میں ایم کیو یم کئی حصوں میں تقیسم ہوئی مگر میرا کسی بھی پارٹی میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم میری خواہش ہے کہ ہمارا جو مینڈیٹ اور ووٹ بینک ہے وہ کسی طور پر تقسیم نہ ہو، اگر یہ ووٹ بینک تقسیم ہو گیا تو شہر کااختیار ان لوگوں کے ہاتھوں میں چلا جائے گا جن کا اس شہر سے تعلق نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صورتحال آہستہ آہستہ خود ہی ایک شکل اختیار کرجائے گی ،کیوں کہ عوام با شعور اور سمجھدار ہیں اور وہ پہلے سے ہی اس صورتحال کے تناظر میںاپنے آپ کو ڈھال چکے ہیں۔

شمیم صدیقی نے اس امید کا اظہار کیا کہ جب الیکشن قریب آئے گا تو پوری قوم ایک جگہ یکجا ہو کر کسی ایک کو منتخب کرے گی اور یہی کراچی کیلئے ،کراچی کی عوام اور ہمارے بہترراستہ ہوگا ،ہمیں اپنا مینڈیٹ کسی بھی صورتحال میںتقسیم نہ ہونے دیں۔

تازہ ترین