• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاتالونیا میں صوبائی انتخابات ،پاکستانی کمیونٹی بھی سرگرم

Pakistanis Active In Catalonia Election

اسپین کے صوبہ کاتالونیا میں 21دسمبر کو ہونے والے صوبائی انتخابات میں پاکستانی کمیونٹی بھر پور دلچسپی لے رہی ہے ،الیکشن اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکاہے ۔

سیوتادانس پارٹی کی طرف سے پاکستانی نژاد طاہر رفیع اور سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے حافظ عبدالرزاق صادق کا نام انتخابی فہرست میں شامل کیا جانا ہے ۔

دونوں پاکستانی اپنی جماعت کووکٹری دلانے کے لئے انتخابی جلسے منعقد کر رہے ہیں ، طاہر رفیع کے جلسے میں سیوتادانس کی ممبر پارلیمنٹ’’ سوسانہ‘‘ مہمان خصوصی تھیں ۔

چوہدری پرویز لوہسر ، نامدار اقبال خان، شہزادہ عثمان ، عبدا لصبور اور کامران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت تارکین وطن کے مسائل کو فوری حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ، اسے ووٹ دے کر کامیاب کریں ۔ جلسے میں ڈاکٹر عرفان مجید ، علی رشید بٹ ، عمر فاروق بٹ ، میاں شیراز ،رانا اختر نے خصوصی شرکت کی ۔

اسی طرح حافظ عبدالرزاق صادق کے جلسے میں دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے امیدوار ممبرز پارلیمنٹ شامل ہوئے جنہوں نے کہا کہ سوشلسٹ پارٹی کے دور اقتدار میں جتنا کام تارکین وطن کے لئے کیا گیا اس کی مثال پہلے نہیں ملتی ۔جلسے سے امانت مہر ، ساجد گوندل ، احمد خان ، راجہ ضیا صدیق نے بھی خطاب کیا ۔

سوشلسٹ پارٹی کا مرکزی جلسہ فورم میں ہوا جس میں سابق وزیر اعظم اسپین ’’ خوسے لوئیس ثاپاتیرو‘‘ سابق صدر کاتالونیا خوسے مونتیا اور دوسرے وفاقی اور صوبائی ممبران اور عہدیداران نے شرکت کی ۔

واضح رہے کہ اسپین میں ووٹ پارٹی کو دیا جاتا ہے اور پھر ووٹوں کی تعداد کو امیدواروں پر تقسیم کرکے نشستوں کا تعین ہوتا ہے ، ذرائع نے اندازہ لگایا ہے کہ طاہر رفیع کی سیاسی جماعت 22سے 28نشستیں جیت سکتی ہے جبکہ حافظ عبدالرزاق صادق کی سوشلسٹ پارٹی انتخابات میں 9سے 14نشستیں حاصل کر سکتی ہے ۔

پاکستانیوں کو ٹکٹ دینے والی دونوں جماعتیں کاتالونیا کو اسپین کا حصہ رکھنے پر متفق ہیں اور صوبے کی علیحدگی کے خلاف ہیں ، طاہر رفیع کا انتخابی فہرست میں 58واں نمبر جبکہ حافظ عبدالرزاق صادق 33ویں نمبر پر ہیں۔

دونوں پاکستانی نژاد امیدوار جیت تو نہیں سکیں گے لیکن بڑھتی تعداد اور ہر میدان میں کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے مقامی سیاسی جماعتوں کی توجہ جس تیزی سے پاکستانیوں نے حاصل کی ہے وہ کسی اور ملک کے باشندے حاصل نہیں کر سکے اور یہ عمل اسپین میں مقیم پاکستانیوں کی آئندہ نسلوں کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوگا ۔

تازہ ترین