• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین،ایران،سعودی عرب،یواے ای کی کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خبر ایجنسی) کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعے پر چین، ایران، سعودی عرب اور یو اے ای سمیت دیگر ممالک سے مذمتی بیانات اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا سلسلہ جاری ہے، مذمتی بیان میں کہا گیا ہےکہ لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنا غیر انسانی اقدام ہے، جاں بحق و زخمی افراد کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوچن ینگ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہاکہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشتگردی کیخلاف لڑائی اور قومی سلامتی کیلئے پاکستانی اقدامات کی حمایت کرتا رہیگا، ترجمان نے جاں بحق اور زخمی افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیاہے،سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کوئٹہ میں حملے کی مذمت ، متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی حکومت کیساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہا رکیا گیا ہے، متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی اور ظالمانہ اقدام کیخلاف پاکستان کی حمایت کااظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات سیکورٹی اور استحکام کیلئے تمام اقدامات کریگا،ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ دہشتگرد خطے اور دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام کے خواہاں ہیں، ترجمان نے کہاہے کہ دہشتگردی، انتہا پسندی اور معصوم لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا غیر اسلامی اور غیر انسانی اقدام ہے، دہشتگرد دنیا میں افراتفری اور بدامنی کا سلسلہ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں ،یہ عناصربزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے اقوام کے اتحاد اور عزم کو متزلزل کرنا چاہتے ہیں۔ دیگر ممالک کی جانب سے بھی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ ترین