• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Pakistani Community Should Get Forward In American Politics

امریکی کانگریس میں گزشتہ 25سالوں سے مسلسل منتخب ہونے والی کانگریس کی سینئر ترین رکن ایڈی برنیس جانس کا کہنا ہے کہ پاکستانی تاجروں اور امیگرنٹ کمیونٹی نے امریکا کو عظیم تر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ڈیلس میں پاکستان امریکن بزنس فورم ڈیلس کی جانب سے منعقد سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری اور کمیونٹی کے دیگر رہنما امریکا کی عملی سیاست میں بھی آگے آئیں اور انتخابات میں بھر پور حصہ لیں تاکہ ان کی آواز بھی امریکی ایوانوں میں سنی جا سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی سے تعلقات کی بنیاد پر ہی انہوں نے امریکی کانگریس میں قائم پاکستانی کاکس میں شمولیت اختیار کی جبکہ ان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے کانگریس میں رمضان افطار بل متعارف کرایا حلانکہ اس وقت کئی اراکین کانگریس کو رمضان سے متعلق پتہ بھی نہیں تھا تاہم یہ بل آنے کے بعد ہی ان کو رمضان سے متعلق معلومات ملیں ۔

ایڈی برنیس جانس نے کہا کہ امریکا میں جمہوریت ہے اور ہر کسی کو آزادی ہے تاہم جمہوریت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنی کمیونٹی میں سیاسی شعور بیدار کریں اور ووٹ کی طاقت کا استعمال بھرپور طریقے سےکیا جائے تاکہ جمہوریت میں مزید نکھار پیدا ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح یہ نہ صرف آپ کے لئے بلکہ آپ کی آئندہ نسلوں کیلئے ضروری عمل ہے کہ آپ امریکی سیاست کا حصہ بنیں ۔امریکی کانگریس کی رکن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے واشنگٹن اور ڈیلس میں موجوداپنے اسٹاف میں دو مسلمان اسٹاف ممبر کو ملازمتیں دی ہیں تاکہ میں آپ کی کمیونٹی کے مسائل سے بھی مزید آگاہ ہو سکوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ اپنا آبائی ملک چھوڑ کر یہاں آئے اور امریکی معیشت کو پروان چڑھایا اور امریکا کو مختلف کلچر کے رنگوں سے سجایا جس پر وہ ان کی شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر پاکستان امریکن بزنس فورم کے صدر وقار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فورم کا مقصد پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور پاکستان تاجروں کی مصنوعات کو ایک دوسرے ملک میں متعارف کرانا ہے جس کے لیے امریکا بھر میں شوز منعقد کئے جاتے ہیں۔

فورم کے چیئرمین حفیظ خان نے کہا کہ ہمارا فورم پاکستان اور امریکا کے تاجروں کے مابین ایک پُل کا کردار ادا کر رہا ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے تاجروں کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں تقریب سے پلانو کے میئر ہیری،انور اعظم،ریاض حسین،ندیم اور دیگر افراد نے خطاب کیا ۔

ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے سابق صدر اور 2018ء کنونشن کے چیئرمین ڈاکٹر داؤد ناصر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ اپنا کے ڈاکٹرز بھی اس فورم کا حصہ بنیں کیونکہ کافی ڈاکٹروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، اس موقع پر نظامت کے فرائض نازیہ خان نے سر انجام دئیے جبکہ تقریب میں محفل موسیقی کابھی اہتمام کیا گیا ۔

تقریب میں مسلم ڈیموکرٹیک کاکس امریکا کے شریک چیئرمین اور ٹیرنیٹ کائونٹی سے کمشنر کے عہدے کے امیدوار سید فیاض حسن سمیت مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات جس میں تاجروں کی بڑی تعداد شامل تھی نے اس پروگرام میں شرکت کی۔تقریب میں پر تکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

تازہ ترین