• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورے والا میں ٹریفک حادثہ ،9افراد جاں بحق ،20 زخمی

Traffic Accident In Borey Wala 9 Died 20 Injured

بورے والا سے چیچہ وطنی جانے والی ویگن کا ٹائی راڈ کھلنے سے بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں9 افراد جاں بحق 20 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ویگن نمبر 7724-LXK گزشتہ روز بورے والا سے چیچہ وطنی کی طرف جا رہی تھی کہ اڈہ لنڈو مسجد کے قریب اوور لوڈ ٹیوٹا ہائی ایس ویگن کا ایکسل کھل گیا، تیز رفتاری کی وجہ سے ڈرائیور ویگن پر قابو نہ رکھ سکا اور ویگن سامنے سے آنے والے ایک ٹرالر نمبری 662-TLG سے ایک زور دار دھماکے سے جا ٹکرائی۔

حادثے کے نتیجے میں ویگن میں سوار 9 افراد جن میں مرد،خواتین اور بچے شامل ہیں جاں بحق ہوگئے جن کے نام ممتاز احمد،راشدہ بی بی،غلام قادر،سکینہ بی بی، حقیقی بہنیں ایمان فاطمہ،نتاشہ، جاوید، اور وین ڈرائیور ایاز شامل ہیں۔

واقعے میں 20سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں نسرین بی بی،محمد رفیق،علی ممتاز،صاحب بی بی،احتشام،خالدہ ریاض، شوکت علی،جنید، مناہل،اظہر حسین،نعمان ممتاز،شاہد،عاشق،تنویر،عقیدت بی بی،مبین علی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ملک طاہر مجید اور ایس ایچ او تھانہ شیخ فاضل موقع پر پہنچ گئے، انہوں نے ریسکیو کی ٹیموں کے ہمراہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچایا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امجد شکیل اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر عمران بھٹی نے ایمرجنسی پر تمام زخمیوں کی طبی امداد میں خود نگرانی کی شدید زخمیوں کو نشتر اسپتا ل ریفر کر دیا گیا۔

ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک، اسسٹنٹ کمشنر بورے والا راؤ تسلیم اختر، ڈی ایس پی آرگنائز کرائم سجاد ٹکا، ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤ ن مہر ریاض سیال اور ایس ایچ او سٹی چوہدری عبدالمجید زخمیوں کی طبی امداد اور ان کے خون کے انتظامات کے لیے اسپتال میں پہنچ گئے اور تمام انتظامات کی نگرانی کی۔

حادثے کے عینی شاہدین کے مطابق ویگن میں گنجائش سے زائد سواریاں سوار تھیں اور ویگن انتہائی تیز رفتار تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

 

تازہ ترین