• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کی وزارت اعلیٰ، لیگی اتحاد نے قدوس بزنجو کو نامزد کردیا، اپوزیشن حامی،ن لیگ اپنا امیدوار لائے گی

Todays Print

کوئٹہ(نمائندہ جنگ) بلوچستان کے 16 ویں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا،لیگی اتحادنے میر عبدالقدوس بزنجو کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ، اپوزیشن جماعتوں نے بھی میر عبدالقدوس بزنجو کی حمایت کردی ، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے لئے اپنا امیدوار لانے کے اعلان کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے بلامقابلہ انتخاب کے امکانات کم ہوگئے ،وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہفتہ 13 جنوری کو طلب کرلیا گیاہے،سابق وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ خان زہری کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے جمعرات کو بھی دن بھر سیاسی سرگر میاں عرج پر رہیں ،بلوچستان اسمبلی میںقائم نئے اتحاد کے ارکان نے میر عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ بلوچستان کا امیدوار نامزد کرتے ہوئےکہاہے کہ نئے سیٹ اپ میں ناراض ارکان سمیت پشتونخوامی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی سے بھی رابطے کرکے حکومت کا حصہ بنائینگے ، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی میرسرفراز بگٹی ، میرجان محمد جمالی ، سردار صالح بھوتانی اور دیگر نےجمعرات کی شب بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پرنامزد وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو ، ارکان اسمبلی غلام دستگیر بادینی ، میر عاصم کرد گیلو ، سید آغا رضا ، سردار سرفراز ڈومکی ، پرنس احمد علی ، مولوی معاذ اللہ ، مفتی گلاب خان کاکڑ ، میر امان اللہ نو تیزئی ، میر عبدالماجد ابڑو بھی موجود تھے ،انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف عدم اعتماد لانے سے قبل کامیابی ملی اسکے بعد ہم نے نئے قائد ایوان کیلئے صلاح و مشورے کیے اور مشترکہ اجلاس منعقد کیا اجلاس میں تمام ساتھیوں نے کھلے دل سے یہ فیصلہ کیا کہ ہمارے نئے قائد ایوان رکن صوبائی اسمبلی سابق ڈپٹی اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو ہونگے ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام دوست ایک پیج پر ہیں کہ ان کو کامیاب کرینگے ، انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ، انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد پہلی ترجیح صوبے میں امن وامان کا قیام ، بے روزگار ی کا خاتمہ اور بلوچستان میں محبت کی فضاء قائم کرنا ہوں گی ، انہوں نے کہا کہ میر عبدالقدوس بزنجو کامیاب ہوکر صوبے سے بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے اور 35 ہزار خالی اسامیوں کو میرٹ کے مطابق پر کیا جائے گا ، اس موقع پر نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متحدہ اتحاد اور اپوزیشن ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے متفقہ فیصلے صوبے کے عظیم تر مفاد میں سود مند ثابت ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ جس طرح دوستوں نے مجھ پر اعتماد کرکے نامزد کیا اسی جذبے کے ساتھ میں بھی اپنے دوستوں کو مایوس نہیں کروں گا اور موقع ملا تو عوام کی خدمت ، بلوچستان کی پسماندگی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ارکان اسمبلی چاہئے ان کا تعلق مسلم لیگ (ن) (ق) یا دیگر جماعتوں سے ہو ان کا اور خاص طور پر اپوزیشن جماعتوں کے دوستوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں ساتھ دیا ، انہوں نے میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف جو قدم اٹھایا اور وزارت کی قربانی دی میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد کے رہنماوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان نے جس طرح اتحادیوں کو نئے قائد ایوان کیلئے اختیار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ جس کو نامزد کرینگے ہم اس کی حمایت کرینگے تو ہم میر عبدالقدوس بزنجو کی نامزدگی کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سازی کے بعد دوبارہ اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ کر حکومت کو مثبت تجاویز کے ساتھ مثبت تنقید بھی کرینگے ، ان خیالات کا ظہار بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے (عوامی) کے مرکزی نائب صدر سید احسان شاہ ، ارکان اسمبلی مفتی گلاب خان کاکڑ ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی اور دیگر نے جمعرات کی شب بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع اتحادی جماعتوں کے نامزد وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو ، ارکان اسمبلی حاجی عبدالمالک کاکڑ ، مولوی معاذ اللہ اور رکن قومی اسمبلی انجینئر محمد عثمان بادینی بھی موجود تھے ، اپوزیشن ارکان نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن میں شامل جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع ، سردار اختر مینگل سمیت تمام ارکان نے شرکت کی اور یہ فیصلہ کیا کہ بلوچستان اسمبلی میں متحدہ اتحاد کے ارکان اسمبلی نئے قائد ایوان کیلئے جس رکن کو نامزد کرینگے ہم اس کی حمایت کرینگے ، متحدہ ارکان اسمبلی کی جانب سے میر عبدالقدوس بزنجو کے نام پر اتفاق ہوا ہے تو ہم بھی ان کی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ کامیاب ہوکر بلوچستان سے بے روزگاری کے خاتمے ، امن و امان کی بحالی ، کرپشن کے خاتمہ اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرینگے ، انہوں نے کہا کہ آنیوالی حکومت جب اپنا کام شروع کریگی تو ہم واپس اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ کر صوبے کے عظیم تر مفاد کیلئے اچھی تجاویز کے ساتھ مثبت تنقید بھی کرینگے کیونکہ اپوزیشن کا یہ حق ہے کہ وہ حکومت کی اصلاح کرے ، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان سے نفرتوں کا خاتمہ اور امن وامان کی بحالی کیلئے بھرپور کوشش کرینگے ، بی این پی عوامی کے رہنما سید احسان شاہ نے کہا کہ متحدہ اتحاد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام پر اتفاق کیا ہم بھی ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ صوبے میں 40 ارب روپے کی جو کرپشن ہوئی وفاق سے ملنے والے پندرہ ارب روپے غائب ہوئے ان کے ذمہ داروں کا احتساب ہوگا ، انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی جانب سے نامزد وزیر اعلیٰ کو ہرممکن حمایت کا یقین دلاتے ہیں ،دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و نامزد وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کامیابی ملی تو بلوچستان سے نفرتوں کا خاتمہ ، امن و امان کی بحالی اور 35 ہزار اسامیوں پر میرٹ کے مطابق بے روزگار نوجوانوں کو بھرتی کرینگے ، وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ناراض ارکان ، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کو بھی اعتماد میں لینگے ، یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپوزیشن جماعتوں اور متحدہ اتحاد کے ارکان اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ جس طرح متحدہ اتحاد اور اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اعتماد کا اظہار کیا ہم بھی نہ تو دوستوں اور نہ ہی عوام کو مایوس کرینگے ، انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد بلوچستان سے بے روزگار ی کا خاتمہ اور اس وقت 35 ہزار جو اسامیاں جو خالی ہیں انہیں میرٹ کے مطابق پر ، امن وامان کی بحالی کیلئے اقدامات اور تمام دوستوں کو اعتماد میں لیکر فیصلے کرینگے ۔

تازہ ترین