• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حریف بتائیں اشتہارات کے سوا کہاں ترقی ہوئی؟بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے حریف بتائیں اشتہارات کے سوا کہاں ترقی ہوئی ؟ شو باز شریف نے لاہور میں نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا،مفت علاج یا میٹرو ویٹرو چاہیے فیصلہ عوام کو کرنا ہے ۔

سیہون میں امراض قلب کے اسپتال کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے نے وزیروں،مشیروں اور پیٹ پرستوں کی بھرتی کے سوا کیا ہی کیا ہے؟

ان کا مزید کہناتھاکہ پیپلز پارٹی کی روایت دلوں کو جوڑنا ہے ،سندھ حکومت نے وہ کام کیے جو کسی دوسری حکومت نے نہیں کئے ہیں ،ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں عالمی معیار کے جدید اسپتال کھولے جاچکے ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ہماری منزل خوشحال سندھ اور مضبوط پاکستان ہے، پیپلزپارٹی نے امراض قلب کے علاج کو عام آدمی کی دسترس میں پہنچادیاہے، صوبائی حکومت کےکام کی کہیں مثال نہیں، پھر پوچھتے ہیں انہوں نے کیا کیا ہے ؟

پی پی چیئرمین کا کہناتھاکہ ہمارے دشمن ہمیں گراتے گراتے اتنا نہ گر جایا کریں، وہ اپنا ہی نقصان کر رہے ہیں، پنجاب میں اشتہارات کے علاوہ اور کہاں ترقی ہوئی ہے؟ شوبازشریف نے لاہور میں نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا،میں اُنہیں ایسے اقدامات پر مبارکباد دیتا ہوں ۔

تازہ ترین