ہولی وڈ اداکارہ گال گیڈٹ کو نامور امریکی کریٹکس چوائس ایوارڈز کے دوران سی ہر نامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ گال گیڈٹ کو ان کے فلاحی کاموں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ رواں سال ان کی کامیاب فلم ’ونڈر وومن‘ میں بہترین کارکردگی ادا کرنے پر ملا ہے۔
اس ایوارڈ کو فلم ’ونڈر وومن‘ کی لکھاری پیٹی جینکنز نے ہی اداکارہ کو پیش کیاتاہم اس ایوارڈ کو قبول کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی پوری زندگی مضبوط، آزاد، صاف دل خاتون کا کردار ادا کرنا چاہتی تھیں اور انہیں یہ تمام صلاحیتیں ’ونڈر وومن‘ میں نظر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو اب سینما میں بہتر کردار مل رہے ہیں جبکہ باکس آفس پر بھی خواتین کی فلمیں زیادہ کمائی کررہی ہیں، لیکن ابھی بھی وہ منزل سے کافی دور ہیں۔
اداکار ہ نے ہولی وڈ میں خواتین کا خود کو ہراساں کرنے کے حوالے سے آواز اٹھانے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنا ایوارڈ ہر اس خاتون اور مرد کے نام کرتی ہوں جو صحیح بات کے لیے کھڑا ہوا، ان کے لیے کھڑا ہوا جو خود کے لیے کھڑے نہیں ہوسکتے، اور میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں کبھی خاموش نہیں رہوں گی‘۔
اس تقریب میں گال گیڈٹ کی فلم’ ونڈر وومن‘ کو 3 اور زمروں میں نامزد کیا گیا جبکہ اسے بہترین ایکشن فلم کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔