نئی دہلی (رائٹرز، جنگ نیوز) بھارت میں 4 سینئر ریٹائرڈ ججز بھی بھارتی چیف جسٹس کے خلاف احتجاج میں شامل ہوگئے، ان چاروں ججز نے چیف جسٹس کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں کی حمایت میں ایک خط جاری کیا ہے، ان ججز نے کھل کر بھارتی چیف جسٹس پر تنقید کی تھی، بھارتی اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے امید ظاہر کی ہے کہ سپریم کورٹ کے 4سینیئر ججوں کی چیف جسٹس کے خلاف بغاوت سے سپریم کورٹ میں پیدا ہونے والا بحران جلد ہی دور ہو جائے گا، ریٹائرڈ ججز میں سپریم کورٹ کا ایک سابق جج، نئی دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس بھی شامل ہیں جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے چیف جسٹس آف انڈیا کے نام ایک کط جاری کیا ہے، سابق ججز نے اتوار کے روز اپنے خط میں کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے 4 ججز سے اتفاق کرتے ہیں کہ اگر چہ چیف جسٹس بینچز کو کیسز تعینات کرنے کا حق رکھتے ہیں تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اپنی مرضی اور پسند کی بنیاد پر جونیئر ججز کو کیسز تفویض کریں، برطانوی خبررساں ادارے نے تصدیق کی کہ اس خط پر 4 سابق ججز پی بی سوانت، اے پی شاہ، کے چاندرو اور ایچ سوریش نے دستخط کئے ہیں۔