• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں معصوم بچوں کےقتل کے خلاف ناروے میں مظاہرہ

Protest In Norway Against Zainab Murder

پاکستان میں معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے خلاف نہ صرف ملکی سطح پر احتجاج جاری ہے بلکہ ان واقعات نے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی دکھی اور افسردہ کردیا ہے۔

گذشتہ روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں اور ان واقعات میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

Norway_l

مظاہرے میں ناروے میں مقیم اہم سماجی، ادبی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی اور اس دوران سفارتخانے کے ایک عہدیدار کو ایک یاداشت بھی پیش کی گئی۔

یاداشت میں پاکستان کے شہرقصور میں کمسن بچی زینب کے ساتھ زیادتی اور اسکے قتل اور اس طرح کے دیگر واقعات کی پرزورالفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور ان واقعات کو انتہائی قابل افسوس اور شرمناک قرار دیا گیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور موثر قانونی سازی کے ذریعے ان واقعات کو روکا جائے۔

مزید یہ کہ زینب کے واقعے کو مثال بنا کر اس واقعے میں ملزمان کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے، اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے۔

Norway 02_l

مظاہرین نے پاکستان میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہناتھا کہ ہم نارویجین پاکستانی بھی پاکستان کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتے ہیں اور خاص طور پر زینب کے واقعے پر ہمیں بہت دکھ ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے ہماری روح کو ہلا کر رکھ دیا اور اس پر پوری پاکستانی قوم سمیت اوورسیز پاکستانی بھی شرمندہ ہیں۔ ان واقعات سے پاکستانی معاشرے کے بارے میں منفی تاثر پھیلا ہے۔

مظاہرین نے اس طرح کے دیگر واقعات میں پر اپنے جذبات کے اظہارکے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور سفارتخانے کے باہر پھول رکھے۔

تازہ ترین