• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غنڈہ گردی برداشت نہیں کرینگے، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

We Will Not Tolerate Vandalism Vice Chancellor Punjab University

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے کہا ہے کہ تشدد اور غنڈہ گردی کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا خواہ اس کے لیے کوئی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔

ایک ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ جامعات علم و حکمت کا گہوارہ ہوتی ہیں، ان میں کسی قسم کا تشدد ناقابل برداشت اور ناقابل فہم ہے اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے اعصاب اتنے کمزور نہیں کہ ایسے عناصر ان کو دھمکا سکیں۔

انہوں نے جنگ کو مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں تدریسی عمل جاری ہے اور حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں، ہوسٹلوں میں کریک ڈاؤن کر کے 80 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ہمارے اس سوال پر کہ کیا ان گرفتار افراد میں بیرونی عناصر بھی ہیں تو انہوں نے کہا کہ ابھی یقین سے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا، باہر کے لوگ بھی ملوث ہو سکتے ہیں تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے، کسی سے نا انصافی نہیں ہو گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جامعہ پنجاب ایک بہت بڑا ادارہ ہےجس کے 75 ڈیپارٹمنٹس اور 47 ہزار طالب علم ہیں، چند افراد کی تخریبی سرگرمیوں سے انتظامیہ کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا ایسے عناصر سڑکیں بلاک کر کے لوگوں کو پریشان کر کے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ انتظامیہ کو دباؤ میں لایا جا سکے لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ایک بھی کلاس ڈسٹرب نہیں ہوئی اور نہ ہی ہم ایسا ہونے دیں گے، ہم ہر قیمت پر یونیورسٹی کو ایسے تخریبی عناصر سے پاک کریں گے۔

تازہ ترین