اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل)چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے لااینڈجسٹس کمیشن کااجلاس طلب کرلیا ہے،اجلاس3 بجےسپریم کورٹ کی عمارت میں ہوگا۔ جیو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ رضاربانی کی چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ججز تقرری کیلئےقائم پارلیمانی کمیٹی کے کردار، عوام کو فوری و تیز تر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے، عدالتی اصلاحات سےمتعلق باہمی دلچسپی،قوانین بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے، موجودہ جسٹس سسٹم میں تاخیر کو ختم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور عدالتی اصلاحات کیلئے ماہرین کی ورکشاپس کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سے سپریم کورٹ میں ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ آزاد اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے،عام انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا اختیار ہونا چاہئے، عدلیہ اس بات کو یقینی بنائیگی اوورسیز پاکستانی آئندہ انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں، اس سلسلے میں نادرا کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، آئندہ عام انتخابات کا صاف شفاف اور آزادانہ انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، پارلیمانی کمیٹی کے ارکان سے جلد ملاقات کروں گا۔ ذرائع کے مطابق فریقین نے ملاقات میں آئینی و قانونی امور، عدالتی اصلاحات لانے سے متعلق مختلف پہلوئوں اور فوری و معیاری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ جیو نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے بتایا کہ میری چیف جسٹس سے سپریم کورٹ میں ایک گھنٹے تک ملاقات ہوئی، جس میں چیف جسٹس سے آرٹیکل 175 اے پر بھی گفتگو کی، چیف جسٹس نے فوری انصاف میں رکاوٹوں کو حل کرنے پر خاص طور پر زور دیا، چیف جسٹس نے زور دیا وہ عدالتی نظام میں رکاوٹوں کو دور کرنا چاہتے ہیں، چیف جسٹس نے کہا پارلیمانی کمیٹی کوبلاکراس معاملےپرگفتگو کریں گے،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ میں نے کل ایوان کو آگاہ کیا تھا کہ چیف جسٹس سےملاقات ہوگی۔آئی این پی کے مطابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات میں کمیٹی آف دی ہول کی طرف سے بھجوائی جانے والی سفارشات پر تبادلہ خیال ہوا ،چیف جسٹس چاہتے ہیں کہ آرٹیکل 175 اے کو صحیح معنوں میں فعال ہو۔ انہوں نے پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں چیئرمین سینٹ نے بتایا کہ وہ چیف جسٹس کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں کمیٹی آف دی ہول سے بھجوائی جانے والی سفارشات کے معاملے پر ان کی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آف دی ہول کے کردار اور پارلیمنٹ کی طرف سے عدالتی اصلاحات کے حوالے سے بھجوائی جانے والی سفارشات کے معاملے پر ان کی بات چیت ہوئی جس پر قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی چیف جسٹس صاحب سے ملاقات کے لئے تیار ہے اور امید ہے کہ اس سے سسٹم میں مزید بہتری آئے گی۔